ورلڈکپ:بنگلہ دیش نےافغانستان کو62 رنز سے شکست دے دی

ساؤتھمپٹن(ویب ڈیسک ) کرکٹ ورلڈکپ  کے 31ویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو62رنز سے شکست دے دی ہے۔

 افغانستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ بنگلادیش نےپہلے بیٹنگ کرتےہوئے مقررہ 50 اوورز میں 262 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز لٹن داس اور تمیم اقبال نے کیا تاہم صرف 23 رنز کی شراکت کے بعد ہی لٹن داس 16 رنز بناکرآ ؤٹ ہوگئے جب کہ تمیم اقبال 36 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنےوالےشکیب الحسن نے نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔سومیا سرکارصرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئےجب کہ محمد اﷲ کی اننگز بھی 27 رنز تک محدود رہی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور مصدق حسین 35 رنزبناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3 ، گل بدین نائب نے 2 اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے ٹیم کو 49 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا،رحمت شاہ 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تاہم گل بدین نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ہشمت اﷲ شہیدی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

 محمد نبی نے کھاتہ کھولنےکی بھی زحمت نہ کی اور پویلین واپس لوٹ گئے، افغان اصغر 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نجیب اﷲ زردان 23 رنز ہی بناسکے۔ راشد خان صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،شاندار آل رائونڈ کارکردگی پرشکیب الحسن مین آف دی میچ قرار دئیے گئے۔