
بیجنگ/ووہان(ویب ڈیسک)چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث مزید 65افراد ہلاک ہوگئے اور3887نئے مریضوں کی تصدیق
ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 490 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد24ہزار324ہوگئی ہے جن میں سے 3219کی حالت تشویشناک ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مشتبہ نئے مریضوں کی تعداد میں لگاتار دوسرے دن بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے ، وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ چینی تعلیمی حکام، سکول، اور بعدازسکول تربیت فراہم کرنے والے ادارے طلبہ کو موسم سرما کی تعطیلات کے دوران آن لائن کورسز پیش کررہے ہیں۔
چینی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 31صوبائی سطح کے علاقوں اور "سنکیانگ کے پیدواری اور تعمیراتی کورپس" میں مجموعی طور پر نوول کرونا وائرس کے 3887 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ بدھ تک اس وائرس سے مزید 65افرا د ہلاک ہوئے ہیں۔
چین کے صحت کمیشن کے مطابق مرنے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ ہوبے سے ہے۔کمیشن نے کہا ہے کہ منگل کو مزید 3971مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اسی طرح منگل کو 431مریض شدید بیمار ہوئے جبکہ 262کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ۔کمیشن کے مطابق منگل کے اختتام تک چین بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 24 ہزار 3سو 24تک پہنچ گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 490افراد اس مرض کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔
کمیشن نے مزید کہا ہے کہ ان میں 3219مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور 23 ہزار 2 سو 60افراد کے وائرس سے متاثرہونے کا شبہ ہے ۔مجموعی طور پر 892افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے ۔کمیشن نے کہا ہے کہ 2 لا کھ 52 ہزار 1 سو 54قریبی روابط کے شواہد ملے ہیں جن میں سے 18 ہزار 4 سو 57افرادکو منگل کےروز طبی معائنے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا جبکہ 1 لا کھ 85 ہزار 5 سو 55 افراد کو اب بھی طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔
ہانگ کانگ کے خصوصی انتظامی علاقے میں منگل کے اختتام تک کرونا وائرس کے 18مصدقہ مریضوں اور بیماری کی وجہ سے ایک ہلاکت کی اطلاع ملی ہے جبکہ مکا سے 10اور تائیوان سے 11مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔چین میں نوول کورونا وائرس کے مشتبہ نئے مریضوں کی تعداد میں لگاتار دوسرے دن بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے ، یہ بات قومی صحت کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار سے ظاہر ہوئی ہے ۔














