بی ایس پی سے 8لاکھ مستحقین کے اخراج کی مذمت

اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آٹھ لاکھ سے زائد

مستحقین کے اخراج کی شدید مذمت کی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی حکومت کی جانب سے مذکورہ فیصلے کو غریب خواتین کو خودمختیار بنانے کے عمل پر حملہ قرار دے دیا۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران حکومتی وسائل فقط پیسے والے طبقے میں بانٹ رہے ہیں۔لگتا ہے حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں غربت اور بے روزگاری موجود رہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50 لاکھ گھر بنانے والے اپنے الیکشن منشور سے پہلے ہی یوٹرن لے چکی۔انکروچمنٹ کے نام پر بڑے پیمانے پر بے گھر اور بے روزگار ہونے والوں کے معاملے سے بھی حکومت آنکھیں چرا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ غریبوں پر جاری معاشی حملوں کی ذمہ دار وفاقی کابینہ ہے۔لوگوں کے بے گھر ہونے، لاکھوں لوگوں کے بے روزگار اور اپنے بچوں کی خوراک کے لیے پریشان خواتین کے معاملے پر حکمرانوں کی خاموشی جرم ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت فوری طور پرفیصلہ واپس لے، ورنہ پیپلز پارٹی ہر فورم پر اس کی شدید مخالفت کرے گی۔پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کی عوام دشمن اور خواتین دشمن پالیسیوں پر عملدرآمد ہونے نہیں دے گی۔