امریکا کی جانب سے پاکستان اور بھارت میں تناۤؤپر تشویش

واشنگٹن ( ویب ڈیسک )امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے

تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں پر فوجی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے تناؤ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کی گئی تھی لیکن پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتےہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بات کر کے سیکیورٹی پارٹنرشپ اور خطے میں امن اورسیکیورٹی کے قیام کے مشترکہ اہداف کے حصول پر زور دیا۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی رابطہ کر کے اس بات پر زور دیا کہ فوجی کارروائی سے گریز کرتے ہوئےاشتعال انگیزی کو کم کرنے کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت دونوں سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل مزاجی سے کام لیں اور کسی بھی قیمت پر اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ پر براہ راست رابطہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو سے کہا کہ بھارتی جارحیت کی مذمت کی ضرورت ہے اور امید ظاہر کی کہ اس  صورتحال میں امریکا اہم کردار ادا کرے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے پومپیو سے گفتگو میں واضح کیا کہ بھارتی جارحیت سے افغانستان میں امن کے قیام کی مشترکہ کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔