
اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنیٹر(این سی او سی) کا خصوصی اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و
ترقی اسد عمر نے خصوصی اِجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بطور میزبان اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ این سی او سی کے مطابق صوبائی چیف سیکرٹریوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اہم امور پر صوبائی اجلاس منعقد کرنے پر این سی او سی کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ این سی او سی نے بین الاقوامی معاشی ہم آہنگی، وسائل کی تعمیر اور صحت کی دیکھ بھال کے اہم ساز و سامان اور صحت کی دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر اسد عمر نے عوامی صحت و حفاظت کے لئے رہنما اصولوں اور اقدامات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے حکومت بلوچستان اور شہری انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں عیدالاضحی اور عید نمازوں کے موقع پر مویشی منڈیوں کے انتظام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد عمر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز مویشی منڈیوں، عیدالاضحی اور محرم کے لئے ایس او پیز، ضابطہ اخلاق کی تعمیل کے سلسلہ میں عوام کو آگاہ کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہاکہ اگلے دو ہفتے بہت اہم ہیں، ایس او پیز کی عدم تعمیل کی صورت میں آنے والے مہینوں میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وبائی مرض سے لڑنے کے لئے قومی، مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں کا زبردست فائدہ ہوا ہے لہٰذا حاصل کردہ موجودہ محرک کو متعدد چیلنجوں کو کم کرنے کے لئے برقرار رکھنا چاہئے۔














