
لاہور(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا
ہے کہ جس نے بھی پی ڈی ایم کونقصان پہنچایاقوم انھیں معاف نہیں کرے گی۔ذاتیات پرجانے اور بیان بازی سے پرہیز کریں گے ،ہم آصف زرداری اور بلاول کے بیانات کا جواب نہیں دیں گے۔
منگل کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال کے مزار پر فاتحہ خوانی کرنے آئے، 23مارچ کو ایک خواب کی قراردادپاس کی گئی، مسلمانوں نے اپنی جدوجہد سے قلیل عرصے میں ملک حاصل کیا پاکستان میں 22 کروڑ کے لوگوں کا ووٹ محفوظ نہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ بنگلا دیش آج فخر سے کہہ رہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا بنگلادیش اس لیے آگے نکلا کہ وہاں ووٹ کی طاقت کوتسلیم کیاگیا ہمارے ہاں آج بھی بیلٹ پربلٹ بھاری ہے، ملک کو ترقی دینی ہے توبلٹ پر بیلٹ کوبھاری کرناپڑےگا ووٹ کو بے توقیر کیا گیاتو ملک تقسیم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بلاول نے جو گفتگو کی ہم نے اس پر تبصرہ نہیں کیا ہمارا ہدف عمران خان ہے ، ذاتیات پرجانے اور بیان بازی سے پرہیز کریں گے ہم آصف زرداری اور بلاول کے بیانات کا جواب نہیں دیں گے ۔














