وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا

اسلا م آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اگلے 15 روزتک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جاری ویڈیو بیان میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں چند روز سے تیل کی قیمت اوپر کی طرف تھی۔انہوں نے کہا کہ اوگرا کے اعداد وشمار کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 171 روپے 83 پیسے سے تقریبا 8 روپے 76 پیسے اضافہ کرکے 180 روپے 69 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 169 روپے سے 7 روپے 73 پیسے کے اضافے سے 176 روپے 73 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ موسم کو سامنے رکھتے ہوئے اور وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت ان دونوں مصنوعات پر لیوی کم کرے اور موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مٹی کا تیل فی لیٹر 171 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 169 روپے فی لیٹر پر برقرار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کہ پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمت بالترتیب فی لیٹر 214 روپے 80 پیسے اور 227 روپے 80 پیسے ہے، حکومت جب قیمت کا اعلان کرتی ہے تو اس میں ایک، ڈیڑھ روپے کا مارجن ہوتا ہے لیکن سرکاری وہی ہوتی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 227 روپے 80 پیسے ڈیزل اور 214 روپے 80 پیسے پیٹرول کی قیمت برقرار رہے گی اور کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یکم جنوری 2023 سے 15 جنوری 2023 تک پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی اور کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔