
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے حوالے سے اعدادوشمار بڑھا چڑھا کر پیش کرنے
کی بات غیر ذمہ دارانہ ہے، ملک بھر میں ڈاکٹرز اعدادوشمار کی انٹری کرتے ہیں اس میں سیاستدانوں کی کوئی مداخلت نہیں ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وباء سے بچنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ بھاری قیمت ادا کر رہا ہے اسلئے حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہوں اور غریب لوگوں کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔
اسد عمر نے کہا کہ ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ وباء کو اتنا نہ پھیلنے دیا جائے کہ صحت کا نظام مفلوج ہو جائے اسلئے ملک بھر کے تمام ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ڈاکٹرز اور دوسرے طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی سامان براہ راست ہسپتال کے ایم ایس کو پہنچایا جا رہا ہے۔














