
اسلام آبا د (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 5 اگست کو کشمیر بھائیوں کی حمایت میں یوم
یکجہتی کشمیر منایا جائے گا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ،افغان ٹیم انکوائری کے لئے آگئی ہے،ہماری طرف انکوائری مکمل ہے اور پولیس ہر قسم کا جواب دینے کے کیے تیار ہے،محرم الحرام کے امن و امان کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا کی جانب سے کووڈ کا سرٹیفیکیٹ آج سے جاری کیا جائے گا۔ پاکستان میں کوئی افغان طالبان نہیں ہے، شہباز شریف ماضی کو بھلا کر آئیں حکومت بات کرنے کو تیار ہے تاہم حکومت شہباز شریف سے پہلی بات الیکٹرانک مشینوں سے شروع کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی افغان طالبان نہیں ہیں ، بارڈرمحفوظ ہیں، افغان سفیرکی بیٹی سے متعلق بتایاکہ افغان تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔ پولیس حکام کوانکوائری رپورٹ افغان تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے ،نور مقدم کیس میں انصاف کی جتنی کوشش کرسکتا تھا میں نے کی ہے۔ اب ملزم کو پولیس مقابلے میں تو نہیں مروا سکتا ، اس کے والدین سمیت ہر رابطے میں رہنے والے بندے کو جیل میں بھجوا دیا ہے اور پوری امید ہے کہ انہیں عدالت سے سزا ئیں ہوں گی۔اپوزیشن کو مذاکرت کی دعوت دیتے ہوئے کہا اقتدارکے بھوکوں کا جمعہ بازارلگا ہوا ہے، اپوزیشن سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔














