ماضی میں سندھ کے عوام کو نظر انداز کیا جاتا رہا،وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں سندھ کے عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، ملک کی ترقی

کراچی کی تعمیر و ترقی سے وابستہ ہے، کراچی کے عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، ہماری اولین ترجیح غریب عوام کو آسانیاں اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے وفد ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ہماری ترجیح ہیں۔کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ملاقات میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق اور ممبران قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان، صلاح الدین، عثمان قادری اور صابر حسین قائم خانی شامل تھے۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سندھ کی مجموعی صورتحال، کراچی، حیدرآباد اور اندرون سندھ سے متعلقہ عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے کورونا وائرس کی صورتحال کی روک تھام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں وزیرِاعظم کے ویژن اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کورونا کی روک تھام اور ریلیف کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔