
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی داخلی و بیرونی سلامتی
صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میدیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی داخلی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے لیکن ہم اپنے عوام اور اپنی جغرافیائی سالمیت کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں اور اس کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ اس کا نوٹس لے۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور مربوط کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جس کے نتیجے میں پاکستان سٹاک ایکس چینج پر حالیہ حملہ کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا۔














