آغوش صدف

ثروت اقبال

آمنہ سمجھ شعور رکھنے والی سلیقہ مند اور سلجھی ہوئی لڑکی ہے آج اپنی شادی کے دن بہت خوش ہے کہ اس کی زندگی کا

ہمسفر جو بننے جارہا ہے وہ ایک پڑھا لکھا میٹرک پاس انسان ہے اس کی زندگی کی ایک بڑی خواہش یہی تھی کہ اس کا شوہر پڑھا لکھا سمجھ شعور رکھنےوالا انسان ہو کیونکہ اسے تعلیم کی اہمیت کا اندازہ تھا جب کہ اس نے تو کبھی اسکول میں نے نہیں پڑھا تھا مگر تعلیم سے محبت اور یہ سمجھ اورشعور  اسے اپنی تائی امی کی طرف سے ملا اس کی تائی امی نے اسے قرآن پاک پڑھایا اور اردو لکھنا پڑھنا سکھایا علم سے محبت اللہ نے اس کےدل میں ڈال رکھی تھی یہی وجہ تھی کہ وہ تعلیم یافتہ شریک حیات پانے کی خوشی سے سرشار تھی ۔

شادی کے بعد  احمد سے اس کی اسکول کی زندگی کے بارے میں جاننا چاہا وہ بولی آپ کااسکول کیسا تھا استاد کیسے تھے، آپ اگلی ڈیسک پر بیٹھتے تھے یا پچھلی پر بیٹھتے۔ احمد بولےکیا! اسکول !!میں کبھی اسکول نہیں گیا میں چھوٹا تھا جب سے ہی اپنی دکان پر اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہوں ۔

وقت آمنہ  کس موڑ پر لے آیا جب چار دن کی بیاہی دلہن کو معلوم ہوا کہ اس کے شریک حیات  نے توکبھی اسکول کارخ ہی نہیں کیا اسے تو ٹھیک طرح اپنا نام بھی لکھنا نہیں آتا ۔آمنہ کو محسوس ہوا کہ پہاڑ کی چوٹی سے لڑھکتی ہوئی وہ پتھریلی زمین پر آ گری ہے اتنا بڑا دھوکا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔وہ کیسے سہتی۔ اس کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ اپنے آپ کوکیسے سنبھالے ذہن اس بات کو قبول کرنے سے قاصر تھا ۔دو دن سے وہ اپنے میکے میں تھی پتھر کابت بنی سوچوں میں گم تھی ۔۔۔۔۔۔

تائی امی نے اسے بتایا کہ احمد تمہیں لینے آئے ہیں ،مگر اپنے دلہا کا سامنا کرتے ہوئے اسے وحشت اور کراہیت ہو رہی تھی ،ایک ایک کر کے سب گھر والے اسے احمد کے آنے کی اطلاع دےرہے تھے،وہ سب کو نظر انداز کر رہی تھی تھوڑی ہی دیر میں احمد خود اس کے پاس آ موجود ہوئے اور اپنی صفائی میں بس اتنا کہا !کہ مجھے اور میرے والدین کو نہیں معلوم تھا ہم اس بات سے بے خبر تھے یہ سب جھوٹ میری بہنوں اور بھابھیوں نے بولا ہے میرا خیال ہے کہ ہم دونوں زندگی کے اچھے ہمسفر ہونگے میری چھوٹی سی دکان ہے جس سے ہم اچھا گزارا کر لیں گے ۔۔۔۔

آمنہ کا دل تو تھا ہی موم کا بنا ہوا کب پگھل گیا پتا ہی نہ چلا اوروہ اپنے دولہا کے ساتھ پھر سےرخصت ہوگیٔ  . . . .اسے میکے والوں کی پوری سپورٹ تھی کہ وہ اپنا فیصلہ کر سکتی ہے۔

اس کی امی نے کہا ! میری بیٹی اگر ان پڑھ شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تو واپس آجاؤ  مگر اس نے اپنی امی کو سمجھاتے ہوئے کہا میں نے کہیں پڑھا تھا میاں بیوی کا رشتہ تو اللہ کی نشانیوں میں سے ہے بس میں اب اس رشتے کو نبھاؤں گی۔

پڑوس میں تفسیر قرآن کی ہونے والی کلاس میں اس نے پہلی مرتبہ شرکت کی وہاں کی باجی، شاہدہ باجی سے مل کر اس کے لیے علم حاصل کرنے کے دروازے کھل گئے اس کی زندگی کا ایک نیا دور شروع ہوا شادی سے پہلے یہ مواقع کبھی میسر نہ تھے آج آگے بڑھنے کے راستے اس کے سامنے کھلے ہوئےتھے۔شاہدہ باجی کے ساتھ گھر گھر جا کر خواتین کو درس قرآن کی دعوت دینے اور رفاہی اور فلاحی کاموں کے حوالے سےوہ محلے میں پہچانی جانے لگی اب شاہدہ باجی اس کے لئے بہترین استانی، پڑوسن ، سہیلی اور بہن تھیں۔ تفسیر قرآن کی کلاسز مکمل ہوئی تو شاہدہ باجی نے کہا  آمنہ تعلیم کے اس سلسلے کو اب روکنا نہیں آگے بھی مزید تعلیم حاصل کرتی رہو آمنہ  نے مزید کور سس بھی کر ڈالے جس میں فہم القرآن ،حدیث ،عربی گرامر وغیرہ تھے ۔

ساس سسر کا شفقت بھرا ہاتھ اس کے سر پر تھا جس سےاسےآگے بڑھنے میں بہت مدد ملی احمد کو خود تو پڑھنے کا کوئی شوق نہ تھا مگر وہ اکثر کہتے تمہاری تعلیم نے اس گھر کو سنوار دیا ہے مجھےبہت خوشی ہوتی ہے تمہیں یوں پڑھتے اور پڑھاتے دیکھ کر ۔

آمنہ کی زندگی ،گھر بار اور آخرت سنوارنے میں شاہدہ باجی کابڑا کردار تھا۔ ہر لمحہ دوسرے لمحہ سےآگے بڑھنے کی کوشش میں تھا وقت تیزی سے گزر گیا اور اب آمنہ ایک جانی پہچانی شخصیت تھی۔شاہدہ باجی  نے اس ہیرے کو تراش خراش کر جگمگ جگمگ کر دیا تھا اللہ تعالی نے خوش اخلاقی اور خلوص جیسی خصوصیات سے اسے مالامال کر رکھا تھا محلے میں کسی غریب لڑکی کی شادی ہو راشن کا مسئلہ ہو یا بیماری کا، ضرورت مند آمنہ کے گھر کا رستہ ڈھونڈ ہی لیتے ۔

 . . . کیوں کہ کتابیں تحائف میں دینا ،کتابیں پڑھنا اوراسےسنبھال کر رکھنا اس کا مشغلہ تھااس لیے اب اس کےپاس اتنی کتابیں جمع ہوچکی تھیں کہ گھر کا ڈرائنگ روم لائبریری بن چکا تھا ڈرائنگ روم میں الماریوں میں رکھی کتابیں محلہ کی بچیوں اور خواتین کے مستفید ہونے کے لیے تھیں۔

جب وہ احمد کے ساتھ دوبارہ رخصت ہوکر آئی تھی اس نے اپنے اس فیصلے کواللہ کی مدد اور اپنی محنت اور لگن سے  صحیح ثابت کیا ۔آج بھی وہ اور اس کے تینوں بچے اپنی لائبریری کو وسعت دینے کے لیے کوشاں ہیں۔