
اسماء معظم
تمہاری تہذیب اپنے خنجرسےآپ ہی خودکشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا ناپائیدار ہو گا
باقر صاحب بہت خوش تھے ۔ان کی محنتیں اور آرزوئیں رنگ لائی تھیں۔ وہ اوران کی فیملی کے بیرون ملک جانے کی تیاریاں مکمل تھیں، اور آ ج انہیں اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ اپنی آ رزووں کی جنت کو پرواز کر جانا تھا ۔
باقر صاحب اور ان کی فیملی کو باہر گئے اٹھارہ سال بیت چکے تھے۔ وہاں ان کے بچوں میں آہستہ آہستہ خو دسری ،بدتمیزی اور پلٹ کر جواب دینے کی عادات پیدا ہونا شروع ہوگئی تھیں۔گھر سے دیر تک باہر رہنا ، بےکاراور برے دوستوں کی صحبت میں وقت گزارنا معمولات بنتے گئے۔ ماں باپ کی طرف سے ایک حد سے زیادہ سرزنش نہیں کی جا سکتی تھی، کیونکہ اس ملک کا ماحول اور قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
باقر صاحب کے پڑوس میں کئ واقعات ایسے ہوئے کہ بچوں نے فون کر کے پولیس کو بلا لیا اور ماں باپ کی شکایت کردی۔ باقر صاحب اپنی بڑی لڑکی زرین کے لباس پر پہلے ہی صبر کر چکے تھے کہ یہاں کون سا اس نے مسلمان لڑکیوں جیسا لباس پہننا ہے ۔ لیکن اس کی بعض سرگرمیاں ماں باپ کی تشویش اور کوفت کا باعث بنتی جا رہی تھیں۔
ابھی پچھلے ہی ہفتے ماں بیٹی میں "پیراکی "کے مقابلے پر اچھی خاصی زور دار گفتگو ہو چکی تھی جو ان کی بیٹی کے تعلیمی ادارے میں منعقد ہوا تھا ۔اور جس میں حصہ لینے پر بیٹی انتہائی مصر تھیں ۔
اس موقع پر لڑکی نے کہا۔
" امی میرے اسکول میں تیراکی کا مقابلہ ہو رہا ہے میں بھی اس میں حصہ لے رہی ہوں اور اس میں مجھے پیراکی کا مخصوص لباس چاہیے۔میڈم نے کہا ھے کہ سب اس لباس کی پابندی کریں ۔"
" یہ لباس تو ٹھیک نہیں ۔"امی نے کہا۔
" کیوں امی؟ اور لڑکیاں بھی تو پہن رہی ہیں ۔"
" اور لڑکیاں تو اور بھی بہت کچھ کر رہی ہیں ۔اس طرز کا لباس اسلام میں جائز نہیں۔"
" امی یہ کیا بات ہوئی؟ "زرین نے کہا.
" ہاں یہی بات ھے اسلام میں۔ہم تمہیں اس طرح کے لباس پہننے کی اجازت بالکل نہیں دے سکتے۔ "امی نے انتہائی اطمینان سے کہا۔
امی کے اس قطعی لہجے پر لڑکی تلملا کر کمرے سے چلی گئی ۔
باقر صاحب کے بڑے لڑکے ماجد کے دوستوں میں سے بھی دو لڑکے باقر صاحب کو بالکل پسند نہیں آئے تھے۔ باقرصاحب نے اپنی بیوی کو بتایا تھا کہ ان میں سے ایک باقاعدہ ڈرگس( منشی ادویات) کا عادی ہے۔ باقر صاحب کاسب سے چھوٹا لڑکا عابد بھی ہاتھ سے نکلتا نظر آ رہا تھا جو ابھی صرف 13 سال کا تھا.
باقر صاحب کےبچوں کو مغربی تہذیب کی بے جا آزادی نے مادر پدر آزاد بنا دیا تھا ۔ایک دن دونوں ماں باپ ٹیرس میں بیٹھے تھے کہ بیٹی کو اس کا بوائے فرینڈ چھوڑتا ہوا گیا ۔یہ دیکھ کر ان کے پیروں تلے زمین نکل گئی ۔۔۔۔۔۔۔۔اور پھر چند دنوں میں انہوں نے فیصلہ کیا اپنے وطن واپسی کا۔
باقر صاحب اس تہذیب کے گندے انڈوں کی بو بھی سونگھ چکے تھے اور مزہ بھی چکھ چکےتھے ان کے لیے اب مشکل تھا کہ اپنی اولادوں کو مزید اس ماحول کے حوالے کیے رکھیں۔
" میرا خیال ہے پاکستان چلا جائے جہاں سارے رشتے دار تم لوگوں سے ملنے کے مشتاق ہیں ،کیونکہ جب ہم یہاں آئے تو تم لوگ بہت چھوٹے تھے۔بہت سے لوگ تم سے ابھی واقف نہیں ۔" باقر صاحب نے اپنے چھوٹے بچے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا
" اچھا ڈیڈ ۔۔۔۔!"ان کے چھوٹے بیٹے عابد نے حیرت اور خوشی کے ملے جلے انداز میں کہا
" ارے بھئ یہ باپ بیٹے میں کیا باتیں ہو رہی ہیں ؟"امی نے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے سوال کیا۔ کچھ دیر بعد دوسرا بیٹا بھی کمرے میں داخل ہوا اور گفتگو میں شریک ہوگیا۔ باقرصاحب نے سب کو اپنا فیصلہ سنایا۔اور یہ فیصلہ میاں بیوی کے بہت سارے مشوروں اور نشستوں کا نتیجہ تھا۔
اور پھر وہ دن آ پہنچا جب باقر صاحب اور ان کی فیملی پاکستان میں ایک دعوت میں شریک، بہت خوش تھیےاور اور سب سے مل رہے تھے ۔۔۔۔۔۔۔اور دو ماہ پتہ ہی نہیں چلے، پلک جھپکتے گزر گئے۔
دو ماہ گزرنے کے بعد زرین نے کہا .
"ڈیڈی میرا خیال ہے اب ہمیں واپس اپنے ملک چلنا چاہیے۔"
"واپس اپنے ملک ۔۔۔!"یہ کہہ کر وہ کچھ دیر کے لیے خاموش ہو گئے ۔
"جی ڈیڈی۔۔۔ !"زرین نے انتہائی آعتماد سے کہا
" بیٹی اب ہمارا دوبارہ وہاں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہماری معاشرت اور وہاں کی معاشرت میں زمین و آسمان کا فرق ہے ۔ میں نہیں چاہتا میرے بچے دینی اور دنیاوی لحاظ سے تباہ ہوجائیں۔ "یہ بات باقر صاحب نے انتہائی قطعیت کے ساتھ کہی۔
باپ کی یہ بات اس کو انتہائی ناگوار گزری اور وہ خاموش ہو گئی۔
" امی ڈیڈی اب واپس جانے پر تیار نہیں امی آپ ان کو سمجھائیں۔۔۔۔امی میرے کیریئر کا مسلہ ہے ۔"دوسرے دن اس نے امی کے کمرے میں جا کر بات کی اور ساری بات بتاتے ہوئے کہا۔ جو دو روز قبل اس کی ڈیڈی سے ہوئ تھی۔
" کیرئیر تو پاکستان میں بھی بن سکتا ہے ۔۔۔۔وہ معاشرہ اس قابل نہیں کہ ہم دوبارہ اس سرزمین میں قدم رکھیں۔"
امی آ پ اور ابو دونوں یہ کیا بات کہ رہے ہیں؟اور یہ آ پ لوگ ہم بچوں کے مستقبل کے لئے صحیح نہیں کر رہے؟
" ہم کیا صحیح کر رہے ہیں اور کیا غلط یہ ہم زیادہ بہتر جانتے ہیں ۔تم ہم پر اعتماد کرو اور ہماری بات سمجھنے کی کوشش کرو ۔ماں باپ ہمیشہ بچوں کی بھلائی کا ہی سوچتے ہیں ۔"
" پتا نہیں آپ لوگوں کو پاکستان میں آکر کیا ہوگیا ہے؟ وہاں تو اچھے خاصے تھے اور یہاں پر آ کر عجیب قسم کی باتیں کر رہےہیں؟امی اس کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم اپنے ملک واپس نہ جائیں آ پ لوگ نہیں جانا چاہتے نہ جائیں میں خود اکیلی وہاں چلی جاؤں گی ۔"زرین نے انتہائی غصے میں کہا اور پھر پیر پٹختی کمرے سے باہر نکل گئ۔
چند روز بعد بیل کی آواز سن کر باقرصاحب نے دروازہ کھولا تو پوسٹ مین نے ایک لفافہ جو ایک سرکاری ادارے کی جانب سے تھا،ان کے حوالے کیا۔جس میں انہیں آ گاہ کیا گیا تھا کہ" آپ کے بچے جس ملک کے شہری ہیں، اس ملک کے سفارت خانے نے ہمیں اطلاع دی ہے کہ آ پ کی بیٹی زرین جو قانونی طور پر بالغ ہیں اور اس ملک کی شہری ہیں اور انہیں آ پ نے واپس جانے سے زبردستی روک لیا ہے۔اپ کو آ گاہ کیاجاتا ہے کہ آ پ کایہ طرز عمل آ پ کے لئے قانونی طور پر انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔براہ کرم بچی کو واپس جانے کی اجازت دیں تاکہ آ پ قانونی کارروائی اور پیچیدگیوں سے بچ سکیں۔"
یہ خط نتیجہ تھا اس بات کا کہ زرین جس ملک کی شہری تھی ،اس ملک کے سفارت خانے کو اس صورتحال سے چند روز قبل آگاہ کر چکی تھی کہ میں واپس آنا چاہتی ہوں لیکن میرے والدین راضی نہیں ہیں۔میری مدد کی جائے۔
یہ پڑھنا تھا کہ باقر صاحب کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔














