نزہت ریاض
“مدرز ڈے ماں کا دن”ساری دنیا میں ماؤں کا دن عالمی سطح پردن منایا جاتا ہے ۔بہت اچھی بات ہے،مگر سچائی سے بھی آنکھیں نہ چرائیں آج جو ماؤں
کا حال ہم نے کررکھا ہے،اسی حوالے سے ایک سچا واقعہ پیش نظر کر رہی ہوں.
تقسیم پاکستان کے وقت ایک خاندان اپنے پانچ بچوں کے ساتھ پاکستان کے لیے روانہ ہوابشیرخان صاحب کی بڑی بیٹی تیرہ سال کی تھی ۔ اس سے چھوٹے تین بیٹے اورسب سے چھوٹا بیٹا چھ ماہ کا ان کی بیگم کی گود میں تھا۔
ٹرین اپنی منزل کی جانب گامزن تھی کہ ہندو بلوائیوں نے ٹرین پرحملہ کردیا . قیامت کی افراتفری مچ گئی، کچھ سمجھ میں نہ آتا تھا۔جب قیامت کچھ تھمی تو پتاچلا کہ بشیرخان صاحب کی بیگم چھ ماہ کےبچے کے ساتھ لا پتا ہیں۔ بہت تلاش کیا مگر کچھ پتا نہ چلا پتا۔زندہ بھی تھیں یا نہیں۔۔آخر ٹرین چل پڑی لٹا پٹا خاندان کراچی آٓ کربس گیا۔ تیرہ سال کی بچی جوابھی خود کوبھی سنبھالنے کے قابل نہ تھی چھوٹے بھائیوں کو پالنےلگی ۔
بشیرخان جو کام بھارت میں کرتےتھے،گھی تیل کی سپلائی کا کام وہی پاکستان کراچی میں کرنےلگے۔ بچی سارا دن اپنے چھوٹے چھوٹے ہاتھوں سے گھرکے کام کرتی بھائیوں کی دیکھ بھال کرتی۔ بچے کچھ سمجھدار ہوئےتو بشیر خان نےبیٹی کی شادی کا ارادہ کیا ۔
پڑوس کی خالہ ایک پکی عمرکےمرد کا رشتہ لے کرآئی جس کی پہلےدوبیویاں مرچکی تھیں۔ عمر کا بھی بہت فرق تھا مگرکیا کرتے پاکستان میں نہ اپنا کوئی خاندان تھا نہ رشتے دار۔۔ سو اللہ کا نام لے کرنکاح پڑھا دیا گیا. زبیدہ کو شادی کےکچھ دن بعد ہی شاکر کی شکی اور سخت گیر طبیعت کا اندازہ ہو گیا۔ شاکر انتہائی کنجوس بھی تھا،پھر بھی زبیدہ صبرشکر سے زندگی گزارنے لگی بچے ہوتے گئے اپنے بچوں کےساتھ اپنے بھائیوں کو بھی سنبھالا۔
زبیدہ کے آٹھ بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہوئیں جن میں سےدو بیٹے فوت ہو گئے.شوہر کا انتقال ہو گیا۔ اب بڑے بیٹے پرگھر کی ذمہ داری تھی،مگر اس نے تو کورٹ میرج کر کے اپنی دنیا الگ گھر کرکےبسالی۔ اس سے چھوٹے دو بیٹے خراب ماحول میں اٹھنے بیٹھنے کی وجہ سے شراب نوشی کی لت لگا بیٹھے تھے۔ ان سے چھوٹی دو بیٹیوں کی شادی کردی تھی باقی بچے چھوٹے تھےجب شوہر کا انتقال ہو گیا۔ پیچھے کچھ بھی چھوڑ کر نہ گئے،سوائے بچوں کی ذمہ داری کے ۔اب زبیدہ کی بوڑھی ہڈیوں میں اتنا دم نہیں تھا کہ وہ کوئی نوکری کرسکتی،مگر اپنے بچوں کو بھوکا بھی نہیں مارسکتی تھی ۔
ایک اسکول میں ماسی کی کام کرنے لگی ۔اس کی تنخواہ والے دن اس کے دونوں شرابی لڑکے گھر میں أکر بیٹھ جاتے اور اس سے پیسے مانگتے انکار کرنے پر اس پر ہاتھ اٹھاتے۔جی ہاں سگے بیٹے اپنی ماں کو مارتے اس پر تشدد کرتے اورپیسے لے جا کر شراب کے نشے میں اڑا دیتے۔
ایسے ہی ایک دن بیٹے کے دھکا دینے سےزبیدہ زمین پرگری اوراس کی کولہےکی ہڈی ٹوٹ گئی۔محلے والوں نے سرکاری ہسپتال سے مرہم پٹی کرا دی مگر ٹانگ صحیح نہ ہو سکی اور زبیدہ ایک پیر سے معذور ہو گئی ۔
ظلم کی داستان ختم نہیں ہوئی اس کے بیٹےاسےوہیل چیر پر بٹھا کرمین روڈ کے کنارے پر چھوڑ أتے اور اسے بھیک مانگنےپر مجبور کرتے۔ زبیدہ دکھ اٹھاتے اٹھاتے ذہنی طور پرتھک چکی تھی۔ اب اسے زیادہ کچھ یاد نہ رہتا لوگ بھیک دے کرجاتے اور وہ وہیں کہیں وہ پیسے کھودیتی اس پر اس کے بیٹے اسے اور مارا کرتےتھے ۔ ایک دن زبیدہ سڑک کنارے وہیل چئیر پرگم صم بیٹھی ہوئی تھی کہ ایک تیز رفتارکاربےقابو ہو کر اس پر چڑھ دوڑی . زبیدہ زخموں سے چور اپنی أخری سانسیں لےرہی تھی۔ کوئی دوڑکر اس کے بیٹوں کو بھی بلا لایا۔بیٹے کے ہاتھ پرسررکھے زبیدہ کا دم نکل گیا۔اس کی أنکھیں کھلی رہ گئیں تھیں اوران میں ایک سوال تھا کیا میرے بچے کبھی مدرز ڈے منایں گے؟














