افسانہ ۔۔ چراغِ خانہ بنو

عرشمہ طارق

" حرابیٹی سسرال جاتے ہی سب سے پہلےشوہر اورساس کو اپنی مٹھی میں کرلیناعیش کروگی کسی آنٹی نےکہا جٹھانیوں کو تو خاطر میں ہی نہ لانا کسی

کزن نے کہا کچھ ہی دنوں میں شوہر سے الگ گھر کا مطالبہ کردینا اور ایک خاتون نے تو حد ہی کردی کہ جیٹھ اور دیور سے بنا کر رکھنا "یہ سن کر تو حرا کا غصے سے برا حال ہوگیا اس نے کہا "یہ کیا کہہ رہی ہیں آپ جیٹھ اور دیور سے تو پردے کا حکم ہے اور آپ مجھے کیا سکھا رہی ہیں۔حرا کو لگا جیسے یہ سب خواتین اسکے سر پر ہتھوڑے برسا رہی ہیں کسی ایک کی بھی نصیحت ڈھنگ کی نہ تھی۔
حرا کی شادی تھی اور آج اسکا میکے میں آخری دن تھا ہر کوئی اپنے تجربے کی بنیاد پر مشورے دے رہا تھا۔حرا نے سوچا کتنا فرق تھا انکی نصیحتوں اور مدرسے کی نصیحتوں میں۔وہاں سب نے کتنی پیاری باتیں سمجھائی تھیں استانی صاحبہ نے تو کہا تھا کہ" بیٹا شوہر کو مٹھی میں کرنے کی کوشش مت کرنا بلکہ خدمت اور محبت سے دل جیتنا،کوئی شرع کے خلاف بات ہو تو حکمت سے کام لینا"لیکن حرا کچھ الجھی ہوئی تھی استانی صاحبہ نے اسکی پریشانی کی وجہ پوچھی تو اس نے جھجھکتے ہوئے بتایا کہ "ان کی داڑھی نہیں ہے"استانی صاحبہ نے مسکرا کر جواب دیا"بیٹا ضروری نہیں کہ شوہر داڑھی والا ہو سنت کے مطابق اسکا پہناوا ہو بلکہ اصل کمال تو یہ ہے کہ بیوی خود اسکو نرمی سے دلائل کے ساتھ یہ سب کرنے کیلئے قائل کرے"
جب وہ معلمہ جی کے پاس الوداع کہنے گئی تو انھوں نے حرا کو گلے لگا کر جو نصیحت کی وہ تو بہت ہی لا جواب تھی کہ"پہلے دوسروں کے دل میں اپنا مقام بناؤ بعد میں جی بھر کے نخرے دکھاؤ"حرا نے تعجب سے دیکھا تو انھوں نے وضاحت کی کہ"شروع میں خوب محنت کرلو،تھوڑی تکلیف برداشت کرلو،سب کو اپنا سمجھ کر خدمت کرو پھر دیکھنا تمھاری محنت کیا رنگ لائے گی"حرا نے انکی نصیحت کو پلو سے باندھ لیا اور سب کی دعاؤں کے حصار میں پیا دیس سدھار گئی۔
+++
ثاقب نے اپنے دوستوں کو شادی کا کارڈ دیا تو سمیر نے پوچھا سنا ہے تمھاری ہونے والی بیوی عالمہ ہے"؟ثاقب نے کہا ہاں تو کیا ہوا یہ تو اچھی بات ہے۔"نہیں نہیں میں تو اس لئےکہہ رہا تھا کہ پتہ نہیں یہ عالمائیں اپنے آپ کو کیا سمجھتی ہیں بات بات پر تو فتویٰ دینے بیٹھ جاتی ہیں" سمیر کی باتوں نے ثاقب کا دل برا کردیا۔
ثاقب نے بےدلی سے حرا کا گھونگٹ اٹھایا اور پلکیں جیسے جھپکنا ہی بھول گئیں معصوم سا نورانی چہرہ شرم و حیا سے جھکی گھنی پلکیں حرا کی خوبصورتی نے ثاقب کا دل باغ باغ کردیا دھیمی آواز میں پیش کئے گئے سلام سے ثاقب متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔دوسرے دن ولیمہ بھی خیر و عافیت سے انجام کو پہنچا.
حرا کو بھرا پُرا سسرال ملا تھا جوائنٹ سسٹم تھا گھر میں رونق لگی رہتی تھی کھا نا پیناایک ساتھ تھا حرا سب سے چھوٹی بہو تھی۔۔۔۔حرا کسی کام سے کچن کی طرف گئی تو اپنا نام سن کر رک گئی اس سے بڑی دونوں بھا بیاں اسی کے بارے میں بات کر رہی تھیں" پتہ نہیں اب یہ عالمہ صاحبہ کس مزاج کی ہونگی ہم سب پر اپنی قابلیت جھاڑنا شروع نہ کردیں"۔چھوٹی بھابی نے بڑی بھابی کو مخاطب کرکے کہا " بھابی آپکوریحانہ خالہ کی بہو یاد ہے وہ بھی تو عالمہ تھی پتہ نہیں اپنے آپ کو کیا سمجھتی تھی جب دیکھو کسی نہ کسی کو تنقید کا نشانہ بناتی رہتی تھی جیسے ہم کو تو دین کی سمجھ ہی نہیں ہے۔ہونہہ! یہ ساری ایک جیسی ہوتی ہیں۔"
حرا کو حیرت تھی کہ یہ لوگ اس سے کتنی بدگمان تھیں بے اختیار اسکی آنکھیں بھر آئیں۔نماز پڑھ کر اس نے اللہ سے مدد مانگی مدرسے کی باجی کی نصیحت یاد آئی کہ شروع میں محبت سے،خدمت سے خلوص سے سب کے دل جیت لو باقی زندگی سکون سے گزرے گی۔حرا کو جیسے راہ مل گئی۔
حرا کو صبح جلدی اٹھنے کی عادت تھی فجر کی نماز کے بعد قرآن پاک کی تلاوت کی،ذکر و اذکار سے فارغ ہوکر ساس سسر کا ناشتہ بناکر لے گئی دونوں نے حیرت سے حرا کو دیکھ کر کہا "ارے بیٹا تم نے کیوں زحمت کی ابھی کچھ دن تو آرام کرو ہم سب کے ساتھ ناشتہ کرلیتے"کوئی بات نہیں یہ کونسا مشکل کام ہے میں گھر میں بھی اپنے امی ابو کو صبح ہی ناشتہ کروادیتی تھی آج سے آپ دونوں کو میں جلدی ناشتہ کروادونگی آپکو دوا بھی تو کھانی ہوتی ہے نا۔ساس کو حرا پر ڈھیروں پیار آگیا سسر نے بھی سر پر ہاتھ رکھ کر دعا دی۔
چھٹی کا دن تھا صبح ہی صبح کچن سے چائے اور پراٹھوں کی خوشبو سے بھابیاں کچن کی طرف لپکیں اور حرا کو دیکھ کر حیران رہ گئیں" ارے تم یہاں کیا کررہی ہو ابھی تو تمھارے ہاتھوں کی مہندی بھی نہیں اتری لوگ کیا کہیں گے نئی دلہن سے کام کروانا شروع کردیا" حرا نے مسکرا کر کہا" ارے بھابی کچھ نہیں ہوتا اب میں بھی اس گھر کا حصہ ہوں اور ہم ملکر کام کریں گے تو کام بھی جلدی ہو جائے گا اور کسی پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا" دونوں بھابیاں ہونقوں کی طرح ایک دوسرے کو دیکھنے لگیں بڑی بھابھی نے پیار سے کہا" ٹھیک ہے ابھی تم چھوٹے موٹے کاموں میں ہاتھ بٹاؤ گی سمجھیں"حرا نے بھی خوش دلی سے کہا "جی سمجھ گئی" دونوں بھا بیاں حرا کے بارے میں اپنی سوچ پر دل ہی دل میں شرمندہ ہوگئیں۔
کچھ ہی دنوں میں سب حرا سے مانوس ہوگئے وہ تھی ہی اتنی اچھی کوئی مسئلہ ہوتا فوراً حرا سے اسکا حل پوچھا جاتا۔تینوں ملکر کام کرتیں ساتھ ہی ہنسی مذاق بھی کرتی جاتیں۔
" اتنے غور سے کیا دیکھ رہی ہو نظر لگانے کا ارادہ ہے کیا "ثاقب نے شیشے میں دیکھتے ہوئے کہا"ماشاءاللہ آپ بہت ہینڈسم ہیں" حرا نے دل سے اسکی تعریف کی " شکریہ زہے نصیب"ثاقب نے بھی خوش دلی سے کہا"اگر آپ داڑھی رکھ لیں تو اور زیادہ اچھے لگیں گے" حرا نے اپنے دل کی بات کہہ ہی دی" ہاں تاکہ سب میرا مذاق اڑائیں " جی نہیں اگر ایسی بات ہوتی تو یہ ہمارے پیارے نبیٌ کی سنت نہ ہوتی"
" ارے آج بڑی بھابی ابھی تک کمرے سے باہر نہیں آئیں خیریت تو ہے" ؟حرا نے فکر مندی سے پوچھا "ا نکے سر میں درد ہے"چھوٹی بھابی نے بتایا تو حرا فوراً انکے پاس چلی گئی" بھابی آئیں میں آپکا سر دبادوں اور ساتھ میں تیل کی مالش بھی کردونگی مزہ نہ آئے تو کہئیے گا درد منٹوں میں غائب ہو جائے گا" بھابی کے منع کرنے کے باوجود حرا نے انکے تیل کی مالش کی" واہ،حرا مزہ آگیا ہمیشہ خوش رہو "بھابی نے دل سے دعا دی"حرا شاید میرے بھی سر میں درد ہو رہا ہے" چھوٹی بھابی کی بات پر وہ سب ہنس پڑے۔پھر تو اکثر یہ ہونے لگا کہ حرا سب کے تیل لگاتی ا ور خوب دعائیں سمیٹتی۔
"شکر ہے آپ آگئے آج اتنی دیر لگادی "حرا جوکہ ابھی نماز سے فارغ ہوئی تھی جائے نماز رکھتے ہوئے کہا "ہاں آج ایک بہت اہم میٹنگ تھی اور پھر میں راستے میں مٹھائی لینے کے لئے رک گیا تھا"ثاقب نے حرا کو مٹھائی کا ڈبہ پکڑاتے ہوئے بتایا کہ" مجھے ایک بہت بڑا کنٹریکٹ ملا ہے اور وہ بھی تمھاری وجہ سے"۔ "میری وجہ سے " حرا نے حیرانی سے پوچھا "ہاں بھئی دراصل باہر کے ملک سے ایک پارٹی آئی ہوئی ہے اور انھوں نے میرے ساتھ یہ کہہ کر ڈیل کی ہے کہ داڑھی والے ایماندار ہوتے ہیں "تھینک یو سو مچ حرا " چلیں اب جلدی سے ہاتھ منہ دھولیں پھر مٹھائی لے کر امی ابو کے پاس چلتے ہیں وہ بھی بہت خوش ہونگے"حرا نے ثاقب کو تولیہ پکڑاتے ہوئے کہا " تمھیں سب کی خوشی کا خیال رہتا ہے سوائے میرے" ثاقب نے شرارتی نظروں سے اسے دیکھا" آپ تو میرے لئے سب سے اہم ہیں آپ ہی کی وجہ سے تو مجھے اتنے پیارے پیارے رشتے ملے ہیں"ثاقب کو اس بات سے بہت خوشی ہوئی۔
ثاقب کو اپنی ہر چیز وقت پر تیار ملتی وہ اپنی عالمہ بیوی سے بہت خوش تھا حرا اسکے دل میں پوری طرح اتر چکی تھی بلکہ گھر کے ہر فرد کے دل میں حرا کا مقام بڑھ چکا تھا کیونکہ اس نے خلوصِ نیت کے ساتھ سب کی خدمت جو کی تھی۔ساس سسر کے کھانے پینے کا خیال رکھنا انھیں وقت پر دوا دینا،شوہر کی ہر ضرورت کا خیال رکھنا،بھابیوں کے کاموں میں مدد کروانا حتٰی کہ سب بچے بھی اس سے بہت مانوس ہوگئے تھے وہ بچوں کو قصے کہانیاں سناتی،صحابہ کرام اور صحابیات کی باتیں بتاتی،سپارہ پڑھاتی انھیں اسکول کا کام کرواتی دونوں بھابیاں تو اپنے بچوں کی طرف سے بالکل بےفکر ہوگئی تھیں۔اسکا بدلہ حرا کو یہ ملا کہ ذرا سی بھی کوئی تکلیف اسے ہوتی سب اسکے لئے پریشان ہوجاتے،اسکے کھانے پینے کا خیال رکھتے،وہ میکے جاتی تو اسکی کمی شدت سے محسوس کرتے،بھابیوں نے اس سے بہت سے دینی مسائل بھی سیکھے ۔
بڑی بھابی نے اپنی بڑی بیٹی کو عالمہ کا کورس کروایا اور آج اسکی شادی تھی اور وہ ڈھیروں نصیحتوں کے بجائے صرف ایک نصیحت اپنے ساتھ لے کر جارہی تھی۔"پہلے خدمت اور محبت سے سب کے دلوں میں اپنا مقام بناؤ بعد میں جی بھر کے نخرے دکھاؤ _