
افراءانصار
آج موسم بہت خوشگوار تھا۔ تیز بارش کے بعد لان میں لگےدرخت، گھاس اور پھول نہایت حسین منظر پیش کر رہے تھےلیکن دل
تھا جہاں اداسی نے ڈیرہ جمایا ہوا تھا۔
لان میں لگے جھولے پر بیٹھ کر ارم ماضی کےان خوبصورت لمحوں میں کھو گئی جب وہ اورسارہ ایک ساتھ بارش میں خوب مزے کر تیں۔ تاٸی جان اور امینہ بیگم مل کر کچن میں سب گھر والوں کے لیے پکوڑے اور سموسے بناتی اور خاص طور پر تاٸی جان ارم کی فرماٸش پر دھنیہ کی چٹنی بناتی۔ تایا اور ارم کے بابا کسی نہ کسی سیاسی بات کو لے کر گھنٹوں اس پر تبصرہ کرتے، جس پر دونوں خواتین خفا ہو جاتیں۔ گھر میں ہر وقت سارہ اور ارم کی وجہ سے رونق رہتی۔وہ نہ صرف تایا زاد کزنز تھیں بلکہ ہم جولی بھی تھیں۔
ایک دوسرے کی خوشیاں اورغم بانٹنا بخوبی جانتی تھیں۔ہرعید پر ایک جیسے کپڑے اور جیولری خریدی جاتی۔
پھر نہ جانے کیا ہوااہک دن تایا ابو اپنی فیملی کو لےکرکہیں چلے گٸے۔ارم کے ہزار دفع پوچھنےپر بھی رافع صاحب، امینہ بیگم اور ارم کے بھاٸی نے کچھ نہ بتایا۔
وقت کی رفتار تیز ہو گٸی اورچھ برس گزرگٸےاسےسارہ سے ملےہوٸے۔
ارم کی سوچوں کا سلسلہ بارش کی بوندوں نے توڑا۔ آسمان ایک بار پھر بادلوں کی لپیٹ میں تھا۔
ارم بھاگتی ہوٸی لاٶنچ میں آٸی کیوں کہ اب اسےبارش میں بھیگنا پسند نہیں تھا۔
آج ارم نے سوچا لیا تھا کہ وہ کسی نہ کسی سے ضرور تایا جان کا پوچھے گی۔ اپنے کمرے کی طرف آتے ہوے اس نے سعدی کے کمرے کا دروازہ کھلا دیکھا۔ اچانک اس کے ذہن میں خیال آیا کہ وہ بھاٸی سے اس بارے میں بات کرے۔
کمرے کا دروازہ کھٹکھٹاتےہی اندر داخل ہوٸی۔ سعد اپنی کتابیں سیٹ کرتے ہوئے مسکرا کر اسے دیکھا ”بارش میں بھیگنا نہیں ہے؟ پہلے تو سارہ کے ساتھ بڑا انجواۓ کرتی تھی بارش میں۔ آج اتنا اچھا موسم ہے اور تمہارا موڈ اتنا خراب کیوں ہے۔“سارہ کا نام سنتے ہی ارم کی آنکھوں میں آنسو آگۓ۔ سعدی جو اپنی کتابیں رکھ رہا تھا اک دم سے ارم کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر اس کے پاس آگیا۔ کیا ہوا ارم تم رو کیوں رہی ہو ”تمہیں کسی نے کچھ کہا ہے؟ اچھا یہ بتاٶ میری لاڈلی بہن کی عید کی شاپنگ میں کچھ رہ تو نہیں گیا؟“ ارم نے نفی میں سر ہلایا۔ ”ہمم تو اب کی بار تو بابا نے قربانی کے جانور بھی تمہاری مر ضی کے لیے ہیں۔“ پھر اتنی اداس کیوں ہو؟
”بھاٸی تایا جان کی فیملی کہاں ہے وہ لوگ ہمیں چھوڑ کر کیوں گٸے؟“
اس اچانک سوال پر سعدی پل بھر کے لیے چونکہ اور اسے احساس ہوا کہ اسے سارہ کا ذکر ارم کے سامنے نہیں کرنا چاہیے تھا۔ لیکن وہ اس بات سے بے خبر تھاکہ آج ارم اسی موضوع پربات کرنے یہاں آٸی ہے۔
”میں ابھی ذرا مصروف ہوں ہم پھر کبھی اس موضوع پربات کریں گے۔“ابھی دو دن بعد عید ہے تم بھی اپنی تیاریاں پوری کرو اورکسی بھی چیز کی ضرورت ہو مجھے بتا دینا۔سعدی نے ارم کا ماتھا چومتےہوۓ کہا ۔
ارم بوجھل دل کے ساتھ اپنے کمرے میں آگٸی اورتکیہ میں منہ رکھ کرنہ جانے کتنی ہی دیر روتی رہی پھر وہی سو گٸی۔پورا دن کمرے سے باہر بھی نہ آٸی۔ رات کھانے کے میز پر ارم کو نہ پاکر رافع صاحب نے امینہ بیگم سے ارم کے بارے میں پوچھا۔ ” ہاں خانساماں کو بھیجا تھا ارم کو بلانے کے لیے لیکن وہ آج معمول سے پہلے ہی سو گٸی۔“ یہ سن کر سعدی کو دوپہر والا واقعہ یاد آگیا۔ کھانے کے بعد سعدی خود ارم کےکمرے میں گیا اور اس کو اٹھانے کے لیے اس کے سر پر ہاتھ رکھا تو ارم کو شدید بخار تھا۔
”ارم اٹھو تمہیں اتنا تیز بخار ہے اور تم نے کسی کو بتایا بھی نہیں۔ “
”بھا ٸی آپ لوگ مجھے سارہ کے پاس لے جاٸیں کوٸی مجھے بتاتا کیوں نہیں ہے کہ تایا جان کی فیملی کہاں ہے؟ مجھے ملنا ہے سب سے۔“
”ارم اٹھو میں تمہارے کھانے کے لیے کچھ لاتا ہوں اس کے بعد میڈیسن بھی لینی ہے۔“
”بھاٸی آج آپ مجھے سب سچ بتاٸیں تایا جان لوگ کیوں گۓ اس گھر کو چھوڑ کر۔“
میں تمہیں سب بتاٶں گالیکن پہلے کچھ کھاٶ اور پھر میڈیسن لو۔
تھوڑی ہی دیر میں سعدی ارم کےکمرے میں کھانا اورمیڈیسن لے کر آیا اور اپنے ہاتھ سے اسے کھانا کھلایا۔
”بھاٸی اب آپ مجھے بتاٸیں سب کچھ کیا ہوا تھا چھ سال پہلےکہ تایا جان یوں ہمیں چھوڑ کر چلے گٸے؟“
میں تمہیں سب بتاٶں گا لیکن تم بابا سے اس بات کا ذکر نہیں کرو گی۔
”بابا اور تایا جان جو بزنس کرتےتھے اس میں تایا جان نے بابا کے ساتھ دھوکا کیا اور سب کچھ اپنے نام کر لیا۔ جب بابا کو پتا چلا تو انہوں نے کہا کہ یہ سب میرا ہی تھا اور وہ دادا کی چھوڑی ہوٸی تمام جاٸیداد سواۓ اس گھر کہ سب کچھ اپنے نام کرواکر یہاں سے یو کے چلے گۓ ۔ وقت گزرتا گیا اور بابا نے ایک بار پھر اپنی محنت اور لگن سے اپنا بزنس کھڑا کیا۔ کچھ عرصے پہلے بابا کو پتا چلا کہ تایا جان کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے اور تاٸی جان دو سال پہلے لنگز کینسر کی وجہ سے اس دنیا سے رخصت ہو گٸی۔“
یہ سن کر ارم کو شدید صدمہ ہوا۔
”سعدی بھاٸی اتنا سب کچھ ہو گیا آپ لوگوں نےمجھےکچھ کیوں نہیں بتایا تایا جان اور سارہ اس وقت کہاں ہیں اور کیسے ہیں؟“
”یوکے میں ان کا سارا کاروبار ختم ہو گیا اب وہ واپس سارہ کولے کر کراچی آ گئے ہیں۔ وہ اپنے کیے پر بہت شرمندہ بھی ہیں ۔ کچھ دن پہلے بابا کے آفس آئے تھے بہت معافی مانگ رہے تھے لیکن بابا نے صاف کہ دیا کہ اب ان کا اور ہمارا کوٸی تعلق نہیں۔“
ارم کو یہ سب سن کر اپنے کانوں پر یقین نہ آیا۔
”سعدی بھاٸی بابا ایسےکیسے کر سکتےہیں؟“
میں نے بابا سے بات کی لیکن وہ اب بضد ہیں کہ انہیں تایا جان سے کوٸی رشتہ نہیں رکھنا۔
”بھاٸی میں چاہتی ہوں کہ اس عید پر تایا جان اورسارہ ہمارے ساتھ گھر پر ہوں۔“
ارم بابا نہیں مانیں گےمیں ان سے پہلے ہی بات کرچکا ہوں۔
”میں خود صبح بابا سے بات کروں گی۔وہ میری بات کبھی نہیں ٹالیں گے۔“
سعدی ارم کو مطمٸن دیکھ کراپنے کمرے میں چلا گیا۔ لیکن ارم رات بھر انہیں سوچو میں گم تھی اور بے چینی سے صبح کا انتظار کر رہی تھی۔
آج بھی موسم میں خنکی موجود تھی۔ ارم کی آنکھ کھلی تو صبح کے نو بج رہے تھے۔ اسے یاد تھا کہ آج اسے بابا سے ہر صورت اس بارے میں بات کر نی ہے۔ بہت عرصے بعد آج وہ واقعتاً خوش تھی۔
کمرے سے باہر آٸی تو آج معمول سےزیادہ گھماگہمی تھی۔ عید میں ایک دن باقی تھا اور امینہ بیگم ملازموں کے ساتھ عید کی تیاریوں میں مصروف تھیں۔ ارم کو دیکھ کر اسے آواز لگاٸی۔
” بیٹا رات کو کھانا کھاٸے بغیر سو گٸی۔ تمہارے بابا بھی تمہارا پوچھ رہے تھے۔ ناشتہ کر کہ ان سے کمرے میں جا کر مل لینا۔ صبح سے کتنی دفع تمہارا پوچھ چکے ہیں۔“
ارم کو تو بھوک کا احساس بھی نہ تھا۔ اسے تو صرف اب بابا سے بات کرنی تھی۔ وہ سیدھا اپنے بابا کہ کمرے کی طرف گٸی۔ دروازہ کھلا تھا اور رافع صاحب اپنے کچھ حساب کتاب میں مصروف تھے۔ ارم کو دروازہ پر دیکھ کر ایک گہری مسکراہٹ ان کے چہرے پر بکھر گٸی۔
”آٶ میری جان اندر آ جاٶ ۔کل سےآپ کہاں مصروف تھیں؟“
ارم اندر آتے ہی بابا کے گلے لگ گٸی اور آنکھوں سے ایک دم آنسو بہنے لگے۔
” بیٹے آپ ٹھیک تو ہو؟ کل رات بھی کھانا کھائے بغیر سو گٸی۔کیا ہوا ہے کچھ بتاٶ اپنے بابا کو۔“
ارم نے بنا کوٸی تمہید باندھے کہا۔
” بابا آپ تایا جان کو معاف کر دیں۔
یہ سنتے ہی رافع صاحب کو حیرت کا شدید جھٹکا لگا۔ ”تمہیں یہ سب کس نے کہا۔ اوراگر تمہیں پتا چل ہی گیا ہے تو اس معاملے سے دور رہو تم ابھی چھوٹی ہو تمہیں ان معاملات کی سمجھ نہیں ہے۔“
بابا کل عید ہے میں چاہتی ہوں کل ہم سب مل کر قربانی کریں اور پہلے کی طرح خوشیاں بانٹے۔ یاد ہے بہت سال پہلے میں نے اور سارہ نے عید قرباں کے بارے میں آپ سے پوچھا تھا کہ ہم قربانی کیوں کرتے ہیں تو آپ نے ہمیں بتایا تھا کہ یہ حضرت ابراہیم علیہ سلام کی سنت ہے کہ کس طرح اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں بیٹے کی قربانی کا حکم دیا اور انہوں نے اطاعت کی تو اللّٰہ نے اس کی جگہ مینڈھا رکھ دیا اور اس طر ح مینڈھے کی قربانی کی گٸی۔ اللّٰہ کو ان کا یہ عمل اتنا پسند آیا کہ اب ہرسال صاحب حیثیت مسلمان پر فرض کر دیا گیا۔ لیکن آپ نے کہا تھا کہ قربانی صرف جانورں کی نہیں ہوتی بعض دفع انا، ضد اور خواہشات کو بھی قربان کرنا پڑتا ہے۔
”بابا پھر کیوں آج آپ ایک رشتے کی خاطر اپنی ضد قربان نہیں کر سکتے۔ تایا جان نے آپ سے معافی بھی مانگی ہے نہ آپ انہیں معاف کر کہ گھر لے آٸیں۔ میں تایا جان اور سارہ سے ملنا چاہتی ہوں۔ “
بیٹی کی بات سن کر رافع صاحب کو شرمندگی ہوٸی کہ اولاد کو پڑھایا ہوا سبق وہ خود کیسے بھول گٸے۔
رافع صاحب نےارم کو خوب پیار کیا اور وعدہ کیا کہ وہ ان دونوں کو گھر لے آٸیں گے اور اس سال وہ ضرور عید قربان ساتھ مناٸیں گے۔
کیوں نہ ہم بھی اس عید پر اپنی ضد اور انا کو قربان کرکے روٹھے ہوٶں کو منالیں اور ایک ساتھ عید کی خوشیاں مناٸیں۔














