احساس ہو گیا

 غزالہ اسلم/ کراچی

" لبنیٰ" علی کے دھاڑنے کی آواز سے لرزتی  کانپتی لبنیٰ کمرے میں  آئی

"یہ نہاری پکائی ہے تم نے  مرچیں اتنی کم ہیں جیسے مریضوں کا کھانا،چار سال منگنی رہی تھی کم از کم کھانا تو ڈھنگ سے پکانا سیکھ لیتی"

" جی میں نے تو اتنی ہی مرچیں ڈالی ہیں جتنی ہمیشہ ڈالتی ہوں" لبنیٰ منمنائی۔

" ہاں میں ہی پاگل ہوں جھوٹ بول رہا ہوں ،لے جاؤ اس کو اور کل کا بچا ہوا سالن ہے تو وہی لے آؤ پھوہڑ عورت " علی نے غصے سے کہا۔

علی کو کبھی لبنیٰ کا کوئی کام پسند نہیں آتا تھا ۔کبھی کوئی بات کبھی کوئی وجہ نکال کر لڑنا شروع کر دیتا۔تینوں  بچے بھی باپ کی موجودگی میں سہمے رہتے۔لبنی ہر ممکن کوشش کرتی کہ علی کو کوئی شکایت نہ ہو مگر سارے گھر کےکام اکیلے کرنا ،نہ کوئی ماسی ،نہ مددگار ،سب بچے اسکول جاتے تھے ۔بڑی بیٹی بھی صرف چھ  سال کی تھی۔سارا دن کام کر کے لبنیٰ تھک جاتی مگر تعریف کے دو جملے کبھی علی کی زبان سے نہیں نکلے، الٹا شکایتیں ہی رہتیں ۔

لبنیٰ نے کبھی میکے میں علی کی شکایت نہیں کی ،امی کبھی چہرے کے تاثرات سے کچھ بھانپ لیتیں تو کہتیں" بیٹی ان اللّہ مع الصابرین پڑھا کرو"۔لبنی 8 سال ساس کے ساتھ رہی نندوں دیوروں کی شادیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ،شاپنگ،سلائ ،کارڈ بانٹنا کسی کام کو نہ نہیں کہا ،سسرالی رشتہ دار تعریفیں کرتے تھے بہو ہو تو لبنیٰ جیسی ذمہ دار اور محنتی ،بچوں کے ساتھ ساتھ اتنے آگے آگے ہوتی ہے ہر کام میں , مگر علی کو کبھی کوئی خوبی لبنیٰ میں نظر نہیں آئی،وقت کا کام گزرنا ہے سو گزر رہا تھا اب تو علی نے جگہ کی تنگی کی وجہ سے الگ فلیٹ لے لیا تھا اور اپنی فیملی کے ساتھ اس میں رہتا تھا۔بچوں سے بھی علی کا رویہ اچھا نہ تھا ذرا سی بات پر جھڑک دیتا،بچے بھی باپ سے کھنچے رہتے،جبکہ ماں سے ہر بات شئیر کرتے۔

لبنیٰ کو نہ کوئی جیب خرچ ملتا ،نہ عیدی،بیمار ہونے کی صورت میں قریبی کلینک سے دو دن کی دوائی کے پیسے علی دے دیتے اور بس۔لبنی کے میکے میں کسی کی شادی ہوتی تو اتنے کم پیسے لفافے میں رکھ کر دیتے کہ وہ شرمندہ ہو جاتی۔مجبوراً آن لائن ٹفن کا کام اپنی سہیلی کے مشورے سے کرنے لگی۔تیز مرچیں کھانے کی وجہ سے کچھ عرصے سے لبنیٰ کو معدے میں تیزابیت رہنے لگی تھی ۔جب تکلیف بڑھ گئی تو لبنیٰ نے کسی ماہر ڈاکٹر کو دکھانے کی بات کی۔" بچوں کی فیسیں ،گھر کے اخراجات ،بل وغیرہ کے بعد اتنے پیسے کہاں بچتے ہیں جو تمہیں اسپیشلسٹ ڈاکٹر کو دکھاؤں ،دو چار روز کھانا چھوڑ دو خود ہی صحیح ہو جاؤ گی۔

" لبنیٰ دوسرے کمرے میں جا کر آنسو بہانے لگی،آخر کار اپنے بچوں کی وجہ سے اپنا علاج خود کرانے کا فیصلہ کیا ۔دو تین مہینوں کے علاج میں کافی خرچہ ہوا جمع شدہ رقم بھی ختم ہوگئی اور سہیلی کا قرضہ بھی چڑھ گیا تو لبنیٰ نے علآج چھوڑ دیا ،وقت گزرتا رہا ۔ بڑا بیٹا حیدر 15سال کا تھا مگر کمپیوٹر پر اس کا دماغ بہت اچھا چلتا تھا حیدر کے دوست فہد کے ابو کا سوفٹویئر ہاؤس تھا، انہوں نے حیدر کا ٹیلنٹ دیکھتے ہوئے اسے پارٹ ٹائم جاب پررکھ لیا ۔اسکول کے بعد وہ جاب پہ چلا جاتا ۔ایک مہینے بعد جب اسے پہلی تنخواہ ملی توخوش خوش گھر آیا " امی اب آپ کو ٹفن کا کام کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ 5ہزار روپے لیں اور اپنا علاج ٹھیک سے کروائیں۔ اب صرف گھر کے کام کریں گی ۔آپ" خوشی سے لبنیٰ کی آنکھوں میں آنسو آگئے ۔چار ماہ کے علاج اور پرہیز سے لبنیٰ بالکل صحت مند ہوگئی ۔

ہفتے کا  دن تھا علی گھر سے دکان جانے کے لیے نکلے اچانک پاؤں پھسلا اورسیڑھیوں سے نیچے گر پڑے ،چیخ کی آواز  سن کر لبنیٰ دوپٹہ اوڑھ کر نیچے گئی تو علی گرے ہوئے تھے۔اس نے حیدر اور صفدر کو آواز دے کر بلایا ۔دونوں نے سہارا دے کر رکشہ میں بٹھایا اور سول اسپتال لے گئے ۔ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ ڈاکٹرنےپلاسٹر چڑھا کر دو مہینےکا بیڈ ریسٹ بتا دیا۔لبنی سب کچھ بھلا کر جی جان سے علی کی خدمت میں لگ گئی ۔کھانا پینا ،پیشاب  پاخانہ سب بستر پر کراتی تھی، تیمارداری کے لیے آنے والوں کی خاطر تواضع بھی کرتی۔

لبنی کی اتنی خدمت گزاری پر علی کو اپنے اٹھارہ سالہ بدصورت رویےکااحساس ہوگیا ۔آج لبنیٰ اور حیدر کےساتھ علی اسپتال گیا ڈاکٹر نے ایکسرے کروایا اور ہڈی ٹھیک سے جڑنے کا اطمینان ہونے پر پلاسٹر کاٹ دیا،چند دن دوائیں کھانے اور ایکسر سائز کرنے کی ہدایت کی ۔لبنی نے گھر آکر صدقہ دیا اور ڈاکٹر کے بتائے ہوئے طریقے سے ایکسرسائز کروانے لگی ۔" لبنیٰ ہوسکے تو مجھے معاف کر دینا،میں نے تمہارے ساتھ بہت برا سلوک کیا مگر تم نےکبھی آف تک نہیں کیا۔ آخر تم کس مٹی کی بنی ہوئی ہو؟" علی نے دل گداز لہجے میں کہا ۔

" ایسے نہ کہیں مجھے آپ سے کوئی شکایت نہیں ۔میں مشرقی عورت ہوں جس کا خمیر ہی محبت ،صبروبرداشت سے بنایا ہے اللہ نے،شکر ہے آپ کو اپنے رویے کی بد صورتی کا خود ہی احساس ہو گیا ،ورنہ میں تو کبھی شکایت نہیں کرتی" لبنیٰ نے کہا

" جاؤ تینوں بچوں کو بلا لاؤ"

اتنے میں دروازے پر دستک ہوئی " آجاؤ"

سب بچے کمرے میں آگئے حیدر کے ہاتھ میں مٹھائی کا ڈبہ تھا سب نے علی کو مبارکباد دی اور مل کر مٹھائی کھائی ،تھوڑی دیر میں سب ایک نارمل خاندان کی طرح ہنسی مذاق کرنے لگے۔" ابو آپ جلدی سے ٹھیک ہو جائیں تو ہم فارم ہاؤس پر ایک روزہ پکنک منانے جائیں گے اور آپ ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے " حیدر نے کہا " ہاں ٹھیک ہے ایسا کرو پندرہ دن بعد کا پروگرام بنا لو ،ایک شرط پر کرکٹ کھیلونگا ،پہلی بیٹنگ میری ہوگی؟" علی نے بچوں کی طرح ضدی لہجے میں کہا

سب کے قہقہے کمرے میں گونجنے لگے ۔