یاد ماضی

بسمہ محمود

سات سو بیس گز کی عالیشان کوٹھی جو نو کمروں پر مشتمل ہے،شہزادی بیگم کےنام تھی جس کا خاصا حصہ صحن کی نظر تھا۔

سیدھی جانب نیم کے گھنے سایہ دار درخت تھے اور لمبی قطار میں گملے اور کیاریاں موجود تھیں۔ شہزادی بیگم کو گھر سجانے کا مشغلہ تھا۔بائیں طرف چند چارپائیاں،اور پانی سے بھرے مٹکے رکھے ہوۓ تھے۔نیم کے ایک درخت کے ساۓ میں اس نے باورچی خانہ بنا رکھا تھا اور ٹاٹ کی ڈلی ہوئی چھت سے دھوپ چھن کر آتی تھی۔شہزادی بیگم نے آلو گوشت کا سالن پکا رکھا تھا اور ہرا دھنیا چھڑکتی ہوئ اپنے چھوٹے بیٹے سے مخاطب تھی کہ 'ذرا چل پہلے تجھے نہلا دوں پھر کھانا لگاؤں گی۔

شہزادی بیگم کے پاس بیش بہا دولت اور زیورات تھے شوہر نے ہر قسم کی آرائش و آسائش مہیا کر رکھیں تھیں۔ انتہا کا خوبصورت فرنیچر اور قیمتی سروسامان موجودتھا۔اپنے گھر میں شوہر اور اپنے چھ بچوں سمیت بہت خوش تھی،کوئ رنج وغم اسکے پاس آکر پھٹکا تک نہ تھا۔۔۔ اپنے چھوٹے بیٹے کو نہلا کر کمرے کی جانب مڑتی ہے کہ یکایک زور دار دھماکے کی آواز سنتی ہے،اسکے بچے جو صحن میں کھیل رہے تھے ڈر سے چیخنے لگتے ہیں ۔شہزادی بیگم بچوں کو سمیٹتی ہوئ کمرے میں بھاگتی ہے۔اتنے میں اسکی پڑوسن گھبراتی ہوئی آتی ہے اور آواز کستی ہے بی بی! ہزاروں اہلکار علاقے  میں گھوم رہے ہیں اور مسلمانوں کو مار پیٹ رہے ہیں ،انہوں نے چند لمحوں میں محلہ خالی کرنے کا کہا ہے۔

شہزادی تم بھی جلد از جلد یہاں سے بھاگو ورنہ مار دی جاؤ گی۔اب شہزادی بیگم کی حالت ڈھیر ہوگئی شوہر گھر میں موجود نہ تھا اس کی سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ کیا کرے گھبراکر کمرے میں آگئی اپنے بچے کو ایک لحظے میں کپڑے پہناتی ہے اور زمین پر چادر پھیلا کر ایک ایک جوڑی کپڑے ڈالتی ہے،اس کی نظریں شوہر کے انتظار میں دروازے پر لگی ہوئی ہیں،دل بچوں میں۔اٹکا ہوا ہے اور ہاتھ سے کپڑوں کی گٹھری باندھ رہی ہے،نہ جانے کیا جی میں آیا کہ رومال میں اپنے کچھ کنگن اور بالیاں رکھ لیتی ہے۔ پسینے میں شرابور لڑ کھڑاتے قدموں سے شوہر کا راستہ دیکھتے ہوئے دروازے کی طرف بھاگتی ہے باہر کا نظارہ دیکھتی ہے تو اس کی نظریں تھمی کی تھمی رہ جاتی ہیں عجب افرا تفری تھی چند لمحے وہیں کھڑی رہتی ہے ،اتنے میں سامنے دور سے اس سے اپنا خاوند نظر آتا ہے جو تیزی سے دوڑ لگاتا ہوا گھر کی جانب بڑھ رہا تھا شہزادی بیگم نم آنکھوں سے اپنے شوہر کو آتا دیکھتی ہے۔اس کی جان میں جان آ جاتی ہے اور بڑی بے صبری سے  شوہر کا انتظار کرتی ہے۔ اتنے میں گولیوں کی آوازوں سے علاقہ گونج اٹھتا ہے اور تیزی سے ہوا میں گزرتی ہوئی گولی اس کے شوہر کے سر سے آر پار ہو جاتی ہے۔

 شہزادی بیگم کی آنکھیں وہیں ٹھہری کی ٹھہری رہ جاتی ہیں اوروہ ایک لحظے کےلیے مورتی بن جاتی ہے،اپنے شوہر کویوں گرتا دیکھ کر اس کے ہاتھ پیر چھوٹ گئے اور اس کی آنکھیں سرخ ،ہونٹ خشک اور جسم ٹھنڈا پڑ گیا ،ایک آدھا لمحہ  سکتہ میں رہ گئی ۔آنکھوں سے مسلسل آنسو گر رہے تھے اور وہ  اپنے گرے ہوئے شوہر کو مستقل تک رہی تھی ۔

اچانک اسے اپنے بچوں کا خیال آیا دوڑتی ہوئی کمرےمیں آئی ایک کندھے پر کپڑوں کی گٹھری اور ہاتھوں میں اپنے بچوں کا ہاتھ دبایا اور وہاں سے نکل پڑی۔ دروازے پر جا کر اس نے پلٹ کر اپنے پورے گھر پر نظر دوڑائی تمام چیزیں اپنی جگہ پر موجود تھیں، ہنڈیا چولہے پر چڑھی ہوئی تھی ایک لقمہ تک منہ میں نہ  گیا تھا۔ بھیگی سرخ آنکھوں سے پورا گھر اپنی نظروں میں سمیٹ رہی تھی کروڑوں کا مکان، لاکھوں کے زیور اور گھر کی آرائش و آسائش چھوڑ کر گھر سے نکل گئی۔گھر سے نکلی تو اپنے شوہر کی لاش دیکھی جس پر تمام لوگ چڑھ کر جا رہے تھے۔ باہر ایک عجب بھاگم بھاگ تھی بچے باپ کی حالت دیکھ کر زار و قطار رونے لگے۔ اتنے میں شہزادی بیگم نے بڑی بڑی  گاڑیوں میں اہلکاروں کو آتے دیکھا جو راستے میں چلتے ہوئے لوگوں کو مار رہے تھے شہزادی بیگم کو کچھ نہ سوجھی ،اپنے بچوں کو لیے بھاگتی رہی  تھی ۔اب بھاگ کر جائے بھی تو آخر کہاں جائے ؟ یوں ہی دوڑتے دوڑتے ایک سنسان جگہ جا کر ٹھہری جہاں کچھ خیمے نصب تھے وہاں جا کر بچوں کا گلا سیراب کرتی ہے اور بچوں کو ڈھانپ کر وہیں بیٹھے جاتی ہے ،وہاں اسے نامعلوم افراد سے پتا چلتا ہے کہ یہ لوگ مسلمان ہیں اور اب سے کچھ دیر میں ٹانگوں اور بیل گاڑیوں پر سفر کر کے پاکستان پہنچیں گے- تمام لوگوں نے شام ڈھلنے کا انتظار کیا اور پھر اپنے سواریوں پر سفر شروع کیا شہزادی بیگم کے پاس کوئی سواری نہ تھی اس نے وہیں ٹھہرے ہوئے گدھا گاڑی والے ایک شخص کو کرایہ دیا اپنے اپنے بچوں کو بٹھایا اور پھر خود بھی بیٹھ گئی ساری رات سفر جاری رہا ،بچے بھوک کے مارے نڈھال تھے۔ اتنے میں دیکھا کہ سامنے سے گھوڑوں پر کچھ لوگ آرہے ہیں ،گدھا گاڑی کا مالک سمجھ گیا اس نے کہا بی بی! آپ کی بچیاں ہیں؟ شہزادی نے کہا:ہاں ہیں! چار بیٹیاں ہیں اور میرے دو بیٹے ہیں۔ اس نے کہا "بی بی ان کو کہیں چھپا دو ورنہ یہ لٹیرے بچیوں کو لے جا کر بازاروں میں بیچ دیتے ہیں۔

شہزادی بیگم ڈر گئی اس نے اپنی گٹھری کی گرہ کھول کر اپنی دو بیٹیوں کواس میں چھپا دیا اوردو بیٹیوں کو لٹا کر ان کے اوپر گٹھری رکھ دی۔ لٹیروں نے آکر گدھا گاڑی کو روکا اتر کر دیکھا تو دو بچے موجود تھے لٹیروں نے ہوائی فائرنگ کی اور شہزادی بیگم سے کہا کہ تمہارے پاس جو کچھ قیمتی ہے ہمیں دے دو ورنہ یہی گولی تمہارے بیٹوں کے سر میں اتار دی جائے گی۰۰۰ اس نے اپنی زیورات سے بھری ہوئی پوٹلی ان کے ہاتھ میں تھما دی وہ ڈاکو کافی دیر تک وہیں ٹھہرے رہے شہزادی بیگم کی ایک نظر گٹھری پر اور دوسری نظر اپنے بیٹوں پر تھی اس کا کانپتا جسم اس کے ڈرے ہوۓ ہونے کا ثبوت دے رہا تھا کچھ دیر کے بعد ہی  ڈاکو وہاں سے چلے گئے۔

شہزادی بیگم نے جلدی جلدی گٹھری کھولی اپنی دو بچیوں کو نکالا جو کہ پسینے میں نہا رہی تھی بھوک و پیاس کی وجہ سے حالت کافی بدتر تھی گٹھری ہٹا کر بچیوں کو دیکھا تو ایک کافی نازک حالت میں بغیر کسی حرکت کے پڑی ہوئی تھی اور دوسرے دم گھٹنے کے مارے ہلاک ہو چکی تھی.. شہزادی بیگم کو کچھ سمجھ نہ آیا اس نے ایک بیٹی کو اٹھایا اور اس کے چہرے کو سہلایا اس کی انکھیں سفید اور ھونٹ خشک تھے ،بولنے کی سکت نہ تھی مگر جان باقی تھی ۔دوسرے بیٹوں کو اٹھاتی ہے تو اس کی روح پرواز کر چکی ہوتی ہے اس کا جسم نیلا تھا اور پیٹ پسلیوں سے چپک رہا تھا دم گھٹنے کی وجہ سے انکھیں اوپر چڑھ گئیں اور منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔ شہزادی بیگم پر ایک کے بعد ایک غم کا پہاڑ ٹوٹ رہا تھا اس کی سمجھ نہ آیا کہ کیا کرے اس کے پاس آنسو بہانے کےبجائے کوئی راستہ نہ بچا اپنی بیٹی کو وہیں مٹی میں دفناتی ہوئی آگے چلتی چلی گئی۔

 صبح کی روشنی ہوئی تو تب بھی سفر جاری تھا۔پانچ بچوں کی حفاظت کرنا بغیر کسی لقمےکے اور پھر شوہراور بیٹی کا غم اس کو الگ کھائے جا رہا تھا۔ اگلی روز کی شام پاکستان پہنچی، وہاں جاکر بھٹکتی رہی لرزتے  قدموں کے ساتھ چلتی رہی کہ اسے ایک کوٹھری دکھی وہاں اس نے اپنے بچوں کی بھوک کو پیاس ختم کرانے کی التجا کی ۔اس نے وہاں بچوں کو کھلایا پلایا اور سلایا۔۔شہزادی بیگم رات بھر اسی کوٹھری میں رہی صبح ہوتے ہی کسی نوکری کی تلاش میں نکلی تاکہ اپنے بچوں کا پیٹ بھر سکے دور جا کر دیکھا تو ایک عظیم الشان کوٹھری  دکھی وہاں جا کر اس نے ملازمت کی درخواست کی۔ اس کو وہاں ملازمہ کے طور پر رکھ لیا گیا اور ساتھ میں اس کے بچوں کی رہائش اور کھانے کا معاوضہ بھی تھااس  نے جھونپڑی والوں کا بے حد احسان مانا اور اپنے بچوں کو لے کر اس کو ٹھری میں چلی گئی اسے اس کا کمرہ دکھا دیا گیا جس میں ایک چارپائی، پانی کا مٹکہ اور ایک الماری موجود تھی، اس نے خوش دلی سے اس کمرے کو قبول کیا ۔صبح سویرے اٹھ کر مشین کی طرح گھر میں کام کرتی ،شام تک اس کا جسم تھک کے چور ہو جاتا تھا ۔

اکثر اسے اس کا گھر یاد آتا جو اس کے شوہر سے اسے میسر تھا، وہ اکثر نم آنکھوں کو جھپکتے ہوئے ہی سو جاتی اور خوابوں میں اپنے شوہر سے ملتی۔۔۔ اسی طرح اس کو کئی سال چپ لگی رہی، اس کو بس اپنے کام اور اپنے بچوں سے مطلب تھا ،اس نے اس جگہ کافی عرصے تک  ملازمت کی اور اپنے بچوں کو پڑھایا ۔اس کے بچے جوان ہو گئے اور ان کا ایک کمرے میں گزارا مشکل ہو گیا شہزادی بیگم بڑھاپے سے کم، بلکہ اپنے غم کے باعث زیادہ مرجھا گئی تھی۔ اس کے بیٹوں نے ایک کوٹھری خرید لی جو تین کمروں پر مشتمل تھی وہ سلائی، کڑھائی کر کے گھر کے اخراجات پورے کرتی تھی اسی طرح اس نے اپنی تینوں بیٹیوں کی شادی کر دی۔ بیٹوں نے بھی اپنا سہرا سجا لیا ۔اب شہزادی بیگم ہر وقت کڑھائی کرتے ہوئے اپنے ماضی کو یاد کرتی۔۔ اس کا شوہر اس کی آنکھوں کے سامنے مارا گیا،اس کی بیٹی نے اس کی موجودگی میں دم توڑا، اس کی قسمت اس کو ایک ملک سے دوسرے ملک لے آئی،اس کا گھر  بکھرا،سہاگ اجڑا،بچے سہم گئے۔۔۔۔۔ پر اب وہ آزاد ہے، پرسکون ہے ۔اس کے بچے اس کی قدر کرتے ہیں۔ اکثر کڑھائی،بنائی کرتے ہوئے چار سوتی پر اسے اپنے شوہر کا چہرہ دکھتا ہے۔ اکثر سوتے ہوئے اپنے اشکوں کو دوپٹے میں دبا کر سو جاتی ہے، اور دل ہی دل میں اپنے شوہر سے ملنے کی خواہش مند ہے۔