
فوزیہ تنویر
ہم پاکستانی اچھی طرح جانتے ہیں کہ 14 اگست کا دن عام دنوں کی طرح نہیں ۔ یہ دن برِ صغیر کے مسلمانوں کے خوابوں کی
تعبیر بن کر آیا ہے۔ بے شک اس ملک کی بنیادوں میں اُن مسلمانوں کا اخلاص شامل ہے جنہوں نے قیامِ پاکستان کے لیے ان تھک کوششیں کیں اور جب مال و جان کی قربانی دینی پڑی تو اس سے بھی گریز نہ کیالیکن اس ملک کو سنبھالنے والے بھی کیا اس طرح کا اخلاص رکھتے تھے؟ یہ ایک ایسا سوالیہ نشان تھا کہ جس کا جواب تلاش کرتے کرتے آج اتنے سال بیت گئےحالانکہ جواب تلاش کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہر چیز واضح ہوتی چلی گئی۔ جان کی بازی لگانےوالے تو گزر گئے، اب وہ نسل آگئی جنہیں پکی پکائی ہانڈی مل گئی۔ وہ اللہ کی اس عظیم نعمت کی قدر ہی نہیں کر سکے۔ عام لوگوں نے بغیر سوچے سمجھے اس ارضِ پاک کی نگرانی چور اچکوں کے سپرد کر دی اور اسی پر بس نہیں کیا بلکہ ملک کی بڑی بڑی سیاسی پارٹیوں کو مضبوط کرنے کے لیے ان کے دست و باز بھی بنے رہے۔ وہ ملک کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے اور عوام مسلسل تماشہ دیکھتی رہی جو سہولتیں دینے کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے ،وہی ذمہ داری عوام نے اپنے کندھوں پر اٹھا لی۔
پانی نہیں مل رہا تو ٹینکرز ڈلوا لیے، کنویں کھدوالیے، بجلی نہیں ملی تو مہنگے مہنگے سولرز لگوا لیے، علاج کی سہولت نہیں ملیں تو پرائیویٹ ہسپتالوں میں دھکے کھانے پر مجبور ہوئے، تعلیم کا مسئلہ مہنگے ترین پرائیویٹ اسکولوں نے حل کر دیااور نوجوانوں کا روزگار کا معاملہ بھی مشکل نہیں رہا ،ان کے لیے کھلا آپشن ہے کہ وہ کسی بھی دوسرے ملک جا کر خوب پیسہ کما سکتے ہیں۔ ان کے ذہنوں میں یہ بات ڈال دی گئی ہے کہ پاکستان میں کیا رکھا ہے۔ خود یہ قوم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہی۔ حکمرانوں کی عیاشیوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھتی رہی اور پھر ان کو ووٹوں کے ذریعے مضبوط بھی کرتی رہی۔ آفرین ہے ان لوگوں پر، مہنگائی کا مقابلہ بھی کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اُٹھا کر ان کے ناپاک عزائم کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔
اپنے بچوں کو چوراہوں پر قتل ہوتے بھی دیکھتے ہیں اور پھر سات سمندر پار بھیج کر جدائی کا غم بھی سہتے ہیں۔ لیکن آج تک یہ نہیں سوچ پائے کہ یہ ملک کس لیے حاصل کیا تھا۔ صرف اس لیے کہ حج پر حج اور عمرے پر عمرے کیے جائیں۔ وہاں رو رو کر دعائیں کی جائیں اور واپس آ کر آبِ زمزم اور کھجوریں بانٹ دی جائیں۔ لو جی ایک بڑے فرض کو نبھا دیا! لیکن اس ملک کو قائم و دائم رکھنے کے لیے بھی تو کچھ کرنا تھا۔ اس ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کیا فرشتوں نے کرنا تھا۔ خالی خولی دعائیں کرنے سے فرشتوں کی مدد نہیں آتی۔ اس کے لیے ہاتھ پاؤں ہلانے پڑتے ہیں۔ اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں گے تو اللہ کی تائید و نصرت بھی ضرور آئے گی۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں( ادارہ رنگ نو)














