
شائستہ سلیم
سکینہ درد سے کراہتےہوئے ابھرے پیٹ کےساتھ اللہ بخش کو آوازدیتی ہےاللہ بخش جا دائی کو لے آ،ٹائم پورا ہوگیا ہے۔ اللہ
بخش اچھا اچھا تو فکر نہ کر میں جاتا ہوں یہ کہہ کر دروازے سے باہر نکل جاتا ہے۔
سکینہ درد سے بے چین اندر ٹہلنے لگتی ہے۔
سکینہ اور اللہ بخش کے بچے بچتےہی نہیں تھے،پیدا ہونےکےچند دن کے بعد اللہ کو پیارے ہوجاتے۔چاربیٹےاورایک بیٹی فوت ہوچکے تھی دو بیٹیاں بڑی منتوں مرادوں سے بچی تھیں جن پر دونوں جان چھڑکتے تھے۔ اب سکینہ پھر امید سے تھی اور بیٹے کی خواہش تھی کئی مزاروں پر جاکر دھاگے باندھے اور مرادیں مانگے کہ اب بیٹا بھی ہو اور زندگی والا بھی ہو۔دائی نے خوبصورت صحت مند بچہ اللہ بخش کی جھولی میں ڈالا مبارک ہو اللہ بخش رب نے تجھے حیاتی والا بیٹا عطاء کیا ہے ،بس اسی وقت سے اللہ بخش نے سوچ لیا بیٹے کا نام محمد حیات رکھے گا زندگی والا۔
دن گزرتے گئے اس کے بعد بھی اللہ نے اسے دو بیٹیوں سے نوزا جس میں سے ایک اللہ کو پیاری ہو گئی ۔محمد حیات حیاتیاں والا کے نام سے جانا جاتا۔ ماں باپ اور بہنیں جان چھڑکتی تھیں ۔ بہت لاڈ پیار کے ساتھ پورا محلہ بھی اس کو خاص توجہ دیتا۔بڑی دو بہنوں میں سے نسیم گونگی بہری تھی غلام فاطمہ سمجھدار تھی، باپ کی آمدنی کم تھی تو فاطمہ اسکول میں جاب کرنے لگی ۔ بھائی پر توجہ دینا پھر بھی کم نہ ہوئی۔ وقت گزر رہا تھا ،انٹر کرنے کے بعد حیات نے ایک فیکٹری میں جاب شروع کردی ۔ فاطمہ کی شادی کے دو سال بعد محمد حیات کی بھی شادی ہو گئی ۔ شادی کے چند ماہ بعد ہی جس فیکٹری میں حیات کام کرتا تھا وہاں گیس کی لیکیج کی وجہ حیات کی طبعت خراب ہو گئی ،اسے علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا تھا ۔،اس واقعہ کے بعد حیات کو دورے پڑنے لگے اور وہ بہت زیادہ غصہ کرنے لگا زیادہ غصہ کا شکار بیوی ہوتی اور اس کی وجہ سے بیوی حیات کو چھوڑ کر میکے چلی گئی۔ ادھر بھولے بھالے ماں باپ پیروں فقیروں کے پیچھے بھاگنے لگے اور پیر صاحب نے بتایا جن چڑھ گیا ہےوہ اتارنا پڑے گا ۔روز چلے کاٹے جاتے اور حیات کو جن نکالنے کے لئے مارا پیٹا جاتا نہ جن تھا اور نہ ہی اس کو نکلنا تھا۔
اسی غم میں ماں بھی چل بسی
ماں کی خبر سن کر بہن پہنچتی ہےمگراس وقت تک اچھی خاصی درگت بن چکی تھی۔ حیات کی سرکےسارے بال پیر بابوں نے کھینچ کھینچ غائب کردئیے تھے۔ چمٹوں کے نشان جگہ جگہ اس کے جسم پر واضح نظر آتے تھے۔بڑی بہن اور بہنوئی نے جب آکر حالت دیکھی تو باپ اور بھائی کو اپنے ساتھ کراچی لے آئے ۔اس کا علاج کروایا ا۔چھا ماحول اور توجہ ملنے سےحیات تیزی ٹھیک ہورہا تھا ۔ حیات کے بہنوئی نے اس کو نوکری لگوا دی۔ روٹھی بیوی بھی واپس آگئی۔
حیات کو جو ذہنی مرض تھا ،اس میں سب سےمشکل کام وقت پر دوائی کھلانا تھا۔ وہ میں نے بوڑھے باپ کو دیکھا روز رات کو ہاتھ میں دودھ کا گلاس لئے اس کے سرہانے بیٹھ جاتا اور بڑے پیار سے اس کے سر پر ہاتھ پھیرتا اور کہتا حیاتیاں والے اٹھ اور اٹھ کر دودھ پی لے ایک ہاتھ میں دودھ کا گلاس اور دوسرے ہاتھ میں دوائیاں ہوتی تھی جو اس کو کھلانی تھی اور یہ روٹین چند دن کی نہی پوری زندگی کی تھی۔
حیات کی بیوی نسرین منع بھی کرتی مگر ان کی روٹین میں فرق نہ آتا ۔دوست احباب آہستہ آہستہ اس سے دور ہوگئے بس گھر تک محدود ہوگررہ گیا ۔
اللہ نے حیات کو تین بیٹاں بھی دی مگرحیات پھر نارمل زندگی نہ گزارسکا،خاموش چپ بیٹھا رہتا یا کچھ منہ منہ میں بڑبڑاتا رہتا لیکن کسی کو نقصان نہ پہنچاتا
ماں کے بعد ایک دن بوڑھا باپ بھی دنیا چھوڑ گیا۔ باپ کےمرنے کےبعد اکثراپنے آبائی شہر جانے کی کوشش کرتا کبھی بس اسٹاپ یا اسٹیشن سے پکڑ کر گھر لاتے۔پھر اس کی بیوی نے تالا لگا کر رکھنا شروع کردیا ،دھن کا پکا ایک دن نظر بچا کر اپنے آبائی شہر بھی پہنچ گیا۔
ایک بات قابل ذکر تھی اس بیماری کی وجہ سے اس کی یاداشت میں کوئی فرق نہیں پڑا تھا، سب راستے اس کو یاد تھے، پرانی سے پرانی بات بھی اس کو یاد رہتی کبھی کبھی وہ ایسی پرانی بات بتاتا کہ سب حیران رہ جاتے ۔بیوی بھی اکثر اس سے شاکی رہتی کہ یہ صرف مجھے تنگ کرنے کے لئے پاگل بناہوا ہے۔ ورنہ یہ بالکل ٹھیک ہے، اگر کوئی کام غلط ہوجاتا تو جنات کی طرف منسوب کردیتا مجھ سے تو یہ جنات کرواتے ہیں ۔شاید وہ جنات والی بات اس کے ذہن میں بیٹھ گئی۔
بس اس کی زندگی کی ایک روٹین تھی کام پرجانا اور پھر گھر اور ہر پہلی کو تنخواہ لا کر بیوی کے ہاتھ پررکھ دینا،باقی اسے کسی کام سے سروکار نہیں تھایا شاید بیوی نے نوکری کے ساتھ اندر باہر کی ذمہ داریاں اٹھا لی تھیں۔














