دل کا ٹکڑ.۔۔۔۔۔ سچی کہانی

 شہلا خرم

ارے دیکھیں تو کتنا شرارتی ہو گیا ہے ہمارا کامی۔۔۔۔۔۔۔

زبیدہ آپا نے چھ سالہ کامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔

ہاں۔۔ اللہ پاک اسےکبھی کوئی پریشانی نہ دے۔۔۔۔۔

ماجد سلیمانی صاحب نےکامی کے لئے دعائیہ کلمات کہےاوراپنےکام پرچلےگئے۔

زبیدہ آپا کو آج کامی کی ساری بچپن کی باتیں یاد آرہی تھیں اور آنکھوں سے آنسوؤں کا چشمہ جاری تھا۔

ماجد سلیمانی صاحب ایک دینی سلسلےسےبھی جڑے ہوئے تھے اور کچھ ہاتھ کا ہنر بھی تھا۔

 زبیدہ آپا محمودآباد کی رہائشی تھیں اورماجدسلیمانی صاحب سے شادی کےبعد دبئی روانہ ہو گئیں اور پھر کامی کی پیدائش ہوئی،دبئی ہی میں کامی نےابتدائی تعلیم حاصل کی ۔

  دیکھتے ہی دیکھتے کامی اتنا بڑا ہوگیا کہ اس کی شادی کا وقت آگیا۔

  دونوں نے بڑی دھوم دھام سےبیٹےکی شادی کی اوربہو کوگھرلےآئے۔۔۔۔۔۔لیکن ایک مسئلہ تھا۔۔۔۔۔وہ یہ کہ تمام گھر والے ساتھ رہتے تھے (جوائنٹ فیملی سسٹم  میں)اور زبیدہ آپا کے حصے میں بھی صرف ایک ہی کمرہ تھا ۔۔۔۔اب بہو تو آگئی ایک کمرے میں نئی نویلی دلہن کے ساتھ رہنا مناسب نہ تھا، لہٰذا انہوں نے اپنا بستر گیلری میں لگا لیا اور کمرہ اپنے بیٹے  بہو کے حوالے کر دیا، اسی طرح دن گزرتے گئے ہفتے،مہینے،سال۔۔۔۔۔۔

بڑی مشکلات سے گزر کر ماجد سلیمانی صاحب کوجائیداد کاحصہ ملاتو انہوں نے سرجانی میں ایک جگہ ایک گھرخریدا جس میں ان کےبیٹےنےبھی اپنی جمع پونجی لگائی اور دومنزلہ گھر کی تزئین و آرائش کروائی۔

نیچے کا حصہ بیٹے بہو کا تھا اور اوپر زبیدہ آپا اور ان کے شوہر رہنے لگے،ان کا کہناتھاکہ بیٹےبہوپریشان نہ ہوں اوراپنی زندگی خوشحال طریقے سے بسر کریں ،یہاں تک کہ ان کو ہر طرح کی آزادی میسر تھی آنا جانا ، کھانا پینا ہر چیز ماں باپ اور بیٹے بہو کی علیحدہ تھی۔

دن گزرتے گئے اور ماجد صاحب نےاپنے ہنر کو علاقے میں پھیلایا اور اپنے بہت سے کلائنٹ بنا لئے جو ان سے کام کروانے لگے۔

اسی طرح زبیدہ آپا کی بہت سی دوست بن گئیں اوراکثر زبیدہ آپا کے گھر ان کی سہیلیوں کاآنا جانا لگا رہتا لیکن ان کی بہو کسی سے نہ ملتی جلتی،،بس اپنے پورشن میں رہتی اور کبھی کسی سے کوئی بات نہ کرتی۔

ایک دن پتہ چلا کہ زبیدہ آپااور ان کے شوہر گھرچھوڑکرجارہے ہیں۔ معلوم کرنےپروجہ یہ سامنےآئی کہ بیٹے نےوالدین سےکہہ دیاکہ میں گھر کرائے پر چڑھانا چاہتا ہوں ،لہذا آپ لوگ گھر خالی کر دیں یا پھر  نیچے ہمارے ساتھ رہیں۔تاکہ ہمیں معلوم رہے کہ آپ سے ملنے کون کون آتا ہے؟۔۔۔۔۔۔۔اور تین دن میں گھر خالی کرنے کا حکم صادر کر دیا۔

بوڑھے ماں باپ جنہوں نے معلوم نہیں کتنی گرم سرد برداشت کرکےکامی کوپالا پوسا جوان کیا۔۔۔۔۔خود گیلری جیسی تنگ جگہ میں رہ کرانہیں کمرہ دیاکہ خوش رہ سکیں لیکن۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہی کامی جس کو کبھی انہوں نے چلنا بولنا، لکھنا پڑھنا سکھایا تھا آج کھڑا ہو کروالدین سے گھر خالی کرنے کی بات کر رہا ہے۔

اس ماں کے دل پر کیا گزر رہی ہوگی جس نے دن رات ایک کرکےاپنےلخت جگر کو پالا اوروہ باپ جو اپنے بیٹےکی شکل میں بڑھاپےکاسہاراڈھونڈ رہا ہوگااور بیٹے کو ہر طرح سے خوش کرنے کی کوشش کی ہوگی ۔۔۔۔۔۔کیا قیامت ٹوٹ پڑی ہوگی ،والدین کے دل پرجن کے دل کے ٹکڑے نے ہی ان کو چور چور کر دیا تھا۔

آج وہ ان کےگھر پر لگی ہوئی رقم کا چیک کاٹ کرکہتا ہےکہ گھر خالی کر دو۔۔۔۔اور سمجھتا ہے کہ اس نے اپنا حق ادا کر دیا،واہ کیا اولاد کا فرض نبھایا ہے۔

کیا کامی اپنی ماں کی اس وقت کی تکلیف کا حساب دے سکتا ہےجب اس نےنوماہ اسے اپنے جسم کا حصہ بنائےرکھا اور پھر جب اس کی  پیدائش کے وقت جو تکلیف اٹھائی تھی ،ہے اس کا حساب س کے پاس؟کیا دنیا میں آنے سے لے کر آج تک کا حساب دے سکتا ہے وہ اپنے ماں باپ کو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔؟