"دیار غیر"

ماریہ حسان/ کراچی

وہ پچھلے ۳ گھنٹوں سے لیپ ٹاپ اسکرین کے سامنے بیٹھا طویل سوچوں میں گم تھا۔ اس کے

چھوٹے بھائی اسجد نے کئی بار اسے اس کی بیمار ماں کا بلاوا دیاتھامگر وہ یوں ہی چپ سادھے اسکرین کو تکتا رہا،وہ چاہ کر بھی نہ اٹھ سکا۔ ظہر کی نماز کے بعد آج پھر وہ قبرستان گیا تھا۔ اسے لگاکہ اس کا دوست اس کے ہمراہ ہی واپس آیا ہو جبھی تو وہ یونہی اپنے کمرے میں حسب معمول، لیپ ٹاپ کھول کر بیٹھ گیا۔ "عباس بتا نا یار کونسی ویب سائٹ پہ دیکھا تھا تو نے؟"احمد نے پیچھے مڑ کر دیکھا مگر نہیں ،وہاں تو کوئی بھی نہیں تھا۔اس کا دوست اس کا ہمراز،زندگی کی ہر مشکل گھڑی میں اس کے ساتھ کھڑا ہونے والا، یوں لگتا تھا اس کا بڑا بھائی ہو۔آہ۔ وہ اب نہیں تھا۔ اسے یقین نہیں آرہا وہ کبھی اس کی آواز نہ سن سکے گا ،ابھی دو دن پہلے تو اس نے اپنے ہاتھوں سےاسے قبر میں اتارا تھا۔ وہ اور عباس کالج کے زمانے سے ایک ساتھ تھے انکی دوستی کی سبھی مثالیں دیا کرتے تھے۔ کالج کے بعد جامعہ پھر ایک پرائیوٹ ادارے میں ساتھ انٹرن شپ کے بعد ان دونوں کا خواب تھا کہ یورپ کی اعلی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر کے وہیں سیٹل ہوجائیں۔ اب اس ملک میں رکھا ہی کیاہے ؟پریشانیوں اور مسائل کے سوا ،محنت کا کوئ اچھا ثمر ہی نہیں ملتا۔
"ہاں احمد تو ٹھیک کہتا ہے۔ بھائ جان بھی انہیں سب پریشانیوں سے تنگ آکر امریکہ منتقل ہوئے تھے ۔اور اب میں بھی جاونگا اور امی ابا کو بھی بلوا لوں گا" عباس کی خوشی اور اسکی آنکھوں کی چمک دیدنی تھی۔ لیکن کوئینہ جانتا تھا کہ اسکی زندگی بس وہیں تک تھی۔
"کُلُّ نَفْسِِ ذائِقَۃُ الْمَوْت
"۔ ہر نفس کو اپنے انجام تک پہنچنا ہے۔
وہ دونوں پچھلے چھ ماہ سے اسٹوڈنٹ ویزا اپلائی کیے ہوئے تھےاور بہت پر امید تھے۔ انہیں یقین تھا وہ کامیاب ہونگے۔اور یہ دن بھی آگیا۔ ہفتہ پہلے ہی ایک لینڈ لائن سے کال موصول ہوئ ان دونوں کی زندگی کا ایک انوکھا خواب پورا ہونے جا رہا تھا ۔مگر قدرت کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا۔ کچھ ضروری کوائف جمع کروانے، انہیں ٹریول ایجننسی پہنچنا تھا ۔ یوں تو یہ ہمیشہ کی طرح ساتھ ہی جاتے، مگر احمد کی والدہ کااہائنٹمنٹ تھا ، وہ ہاسپٹل سے ڈائرکٹ ایجنسی پہنچتا اور عباس اپنے گھر سے۔ ماں کو گھر چھوڑنے کے بعد احمد جلدی میں گھر سے نکل رہا تھا کہ اچانک اسے عباس کے نمبر سے کال آئ۔وہ آٹو میں بیٹھ چکا تھا "ہاں یار میں بس راستے میں ہوں، ۲۰ منٹ میں تیرے پاس ہوں گا" مگر دوسری طرف عباس کی جگہ کسی نامانوس سی آواز نے اس کے ہوش ارادیے۔ "دیکھیں بھا ئی جن صاحب کا یہ فون ہے انکا کار ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے اور یہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں۔آپ جو کوئی بھی ہیں، ڈائل میں آپ کا نمبر پڑا تھا۔ برائے مہربانی جلدی پہنچ کر اپنی امانت سنبھالیں"۔

اسے سمجھ نہ آیا وہ کیا کرے فوری لوکیشن مانگ کر وہ اس جگہ بمشکل پہنچ سکا راستے میں عباس کے بڑے بھائ (جو بیرون ملک مقیم تھے ) کو اطلاع کی اسکی ہمت نہ تھی کہ وہ عباس کے بوڑھے ماں باپ کو اطلاع دیتا۔ عباس کے بڑے بھائ کو اسکی آخری رسومات نبھانے کا موقع نہ مل سکا اور بالآخر احمد نے اسے قبر کی لہ میں اتارا۔ وہ رونا چاہتا تھا مگر اسکے آنسو خشک تھے۔ نہ بھوک نہ پیاس ۔ بس معمول کے مطابق وہ مسجد سے آکر یہیں بیٹھ جایا کرتا۔ پھر ازان ہوتے ہی وضو کر کے مسجد کا رخ کرتا پچھلے دو دنوں سے اس کا یہی معمول تھا۔اس کا فون بج بج کر تھک گیا تھا وہ کسی کی بھی کال اٹینڈ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ اچانک دروازے پہ دستک ہوئی اس نے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ احمد بیٹا! " امی جان آپ کیوں آگئیں؟ آپ کی تکلیف بڑھ جائے گی ۔میں بس آہی رہا تھا۔مگر اٹھ نہیں سکا میری سوچیں مجھے کچھ کرنے نہیں دے رہیں میں کیا کروں میں کیسے خود کو سنبھالوں؟ " ماں کا سامنا ہوتے ہی اسکی آنکھیں اشک بار ہوگئیں۔وہ انکے کاندھے پر سر رکھ کر اپنے اندر چپھے غم کا اظہار کر رہا تھا ۔اس کی ماں نے اپنے آنچل سے اسکے آنسو صاف کیے اور جب وہ بولیں تو وہ بس سنتا چلا گیا۔انکے الفاظ اس کے دل میں اتر ریے تھے۔ ابا کے انتقال کے بعد وہ بہت کم ہی بولتی تھیں ۔ پچھلے سال فالج کے اٹیک نے انکی آدھی ٹانگ کو مفلوج کردیا تھا۔ '' احمد بیٹا تمہیں یاد ہے تمہارے ابا کہتے تھے یہ ملک محظ زمین کا ایک ٹکڑا نہیں ہے بلکہ یہ ہمارا گھر ہے اور اپنے گھر کو خود سے چھوڑجانا بے وقوفی ہے"۔ وہ کس قدر اپنے ملنے جلنے والوں کے خیر خواہ تھے اور جب انکا انتقال ہوا ایک جم غفیر انکے جنازے میں شریک ہواتھا۔ " احمد بغور انہیں دیکھ ریا تھا۔
"تمہارے ماموں جو لندن میں ۱۰ سالوں سے رہ رہے تھے ۔انکے آخری رسومات میں ہم میں سے کوئ بھی شریک نہیں ہوسکا کتنے بے بس تھے ہم کہ ایسی مشکل گھڑی میں اپنے پیاروں کا ساتھ بھی نہ دے سکے۔"
"جی امی لیکن آپ یہ سب کیوں کہ رہی ہیں؟" احمد کچھ الجھی ہوئ نگاہ سے دیکھنے لگا۔
"بیٹا احمد! عباس کے بڑے بھائ اسکی آخری رسومات میں کیوں شامل نہیں ہوسکے؟ " امی نے احمد کے سوال کو نظر انداز کر کے ایک نیا سوال پوچھا
"امی جان! انکی جاب کا تقاضا ہے انہیں اتنی اجنٹ بنیادوں پہ چھٹی نہیں ملتی مہینہ پہلے درخواست دینی ہوتی ہے، پھر سفر بھی طویل تر انہیں چھٹی مل بھی جاتی تب بھی وہ دو دن میں پہنچ پاتے" احمد دلیلیں دے رہا تھا۔ امی مسکرا دیں۔ "بیٹا احمد! پھر تو میرے انتقال پر بھی تمہیں چھٹی نہیں ملے گی"
احمد گھبرا گیا " امی جان یہ آپ کیا کہ رہی ہیں ؟ اللہ نہ کرے آپ کو کچھ ہو آپ سلامت رہیں" وہ پھر سے اشک بار ہوگیا۔

"احمد بیٹا تم باشعور مسلمان ہو تمہیں یہ باتیں زیب نہیں دیتیں۔ تمہارا ایمان ہونا چاہیے کہ ہر نفس کو اپنے رب کے پاس لوٹنا ہے۔پھر ایسی باتیں کیوں؟ " وہ تذبذب کا شکار ہوا۔ دیکھو بیٹا تم جس دیس میں رہنے بسنے کا سوچ ریے ہو انکی اقدار و روایت ہم سے بہت مختلف ہیں۔ وہ نہ ہم جیسے ہیں نہ ہی انکے قانون ہمارے مفاد میں بولتے ہیں۔ ان کے والدین اولڈ ہوم میں رہتے ہیں اور بچے اپنے والدین کے ساتھ کو ترستے ہیں۔ تو بیٹا جب میرا بلاوا آجائیگا تو میری آخری رسومات ادا کرنے تم کیسے پہنچ پاو گے؟ " احمد کا ماتھا ٹھنکا اسے اب سمجھ میں آنے لگا کہ اسکی ماں کی اتنی طویل تمہید کیوں تھی؟
بیٹاایسا کبھی نہیں ہوا کہ تمہاری کسی خواہش کے پورا ہونے کی دعا نہ کی ہو۔ مگر میں دل سے نہیں چاہتی تھی کہ تم اتنی دور اپنا وطن چھوڑ کر جاو۔ میں نے بہت سے والدین کو اپنے بچوں کی یاد میں تڑپتے دیکھا ہے۔انکے انتظار میں وہ دنیا سے چلے جاتے ہیں۔ میرے بچے تمہیں تو شکر ادا کرنا چاہیے کہ اللہ نے تمہیں بہترین علم اور ہنر بھی دیا ہے ۔یہ سب تم نے یہیں رہ کر حاصل کیا ہے نہ؟ پھر بہت کی خواہش میں غریب الوطن ہونا اپنوں سے دور نکل جانا کہاں کی عقلمندی ہے؟ جو رزق تمہارے نصیب میں لکھ دیا گیا ہے وہ تمہیں مل کر رہے گا تم یہاں رہو یا وہاں۔۔ جس طرح موت، وطن شہر جگہ وقت نہیں دیکھتی، جس کو جہاں جس لمحے آنی ہوتی ہے،آکر رہتی ہے۔ اپنے رب کا حکم بجا لاتی ہے۔ بالکل اسی طرح تمہارے نصیب کا مال ترقی تمہیں مل کر رہے گا۔ بس اس خالق کا شکر بجا لاو تمہیں وہ عطا کر دے گا۔

عباس کی زندگی بس اتنی لکھی تھی اسے اپنے رب کے پاس ایسے ہی پہنچنا تھا۔ ہمارے منصوبے اللہ کی تدبیر کے آگے بے بس ہیں اور وہ بہترین کارساز ہے۔ ہماری سوچ جہاں ختم ہوتی ہے اسکی تدبیر وہاں سے شروع ہوتی ہے ۔ تم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ ہمیشہ سامنے رکھو بیٹا انکی مشکل گھڑی میں انکے بہت سے سہارے انہیں چھوڑ گئے تھے مگر وہ اللہ کی رضا پہ صابر و شاکر تھے۔ اگر تمہیں وہ سب یاد رہتا تو کبھی یوں مایوس ہوکر اپنے کمرے میں بند نہ ہوتے۔ پہلے تمارے ابا اور اب تمہارا دوست یہ سب تمہارے سہارے نہیں تھے ہاں تمہارے پیارے ضرور تھے۔
بیٹے احمد! اللہ کے سوا کسی کو اپنا سہارا مت سمجھنا۔"
"جی امی" اسے کافی شرمندگی ہوئ۔ اسکی ماں کی باتیں اسکے دل میں اسی طرح اترتی تھیں
عصر کی نماز کا وقت نکلا جا رہا تھا "امی آپ کچھ دیر یہیں لیٹ جائیں میں نماز پڑھ لوں۔اب وہ پرسکون دل کے ساتھ نماز ادا کر رہا تھا اسکی سوچ کی ساری الجھنیں سلجھ چکی تھیں ۔اسے معلوم تھا اسے کونسا لائحہ عمل اپنانا ہے۔ موبائل بج رہا تھا اس نے فورا ہی اٹینڈ کر لیا دوسری طرف ٹریول ایجنڈ کافی برہم تھا۔ احمد صاحب آپ کہاں غائب ہیں آپ کو معلوم ہے نا اگلے ہفتے آپکی روانگی ہے اور آپ نےاب تک مکمل کاغزات جمع نہیں کروائے ؟ عباس صاحب کا تو نمبر ہی بند ہے۔ دیکھےجناب۔۔"

"فیضان صاحب مجھے اور عباس کو یہ آرائیول ویزا نہیں کرنا آپ پلیز یہ موقع کسی دوسرے امیدوار کو دے دیں اللہ حافظ" اتنی سی بات کہہ کر اس نے فون کال کاٹ دی۔ اور اپنی ماں کی طرف متوجہ ہوگیا وہ مسکرا رہی تھیں انکے لبوں پر اسکے لیے دعا جاری ہوگئ ۔اسکے فیصلے پر ثابت قدمی کی دعا ،سکون و اطمینان کی دعا. اسکی کامیابی کی دعا ۔جو وہ اپنے وطن میں رہ کر حاصل کرے ۔اس کے ہنر اسکی صلاحیتوں سے نہ صرف اسے بلکہ اس ملک میں رہنے بسنے والوں کو فائدہ حاصل ہو اور اب وہ اس عظیم خواب کو پورا ہوتے دیکھ رہی تھیں۔