
مظفر آباد (ویب ڈیسک) بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے لیے نئے ڈومیسائل قانون کو
کشمیریوں کے حقوق پر ایک اور کھلا ڈاکہ اور شب خون قرار دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کشمیر کی اسلامی شناخت ختم کرنے اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے پور ی دیدہ دلیری سے ایک کے بعد دوسرا قدم اُٹھا کر رہا ہے لیکن بین الاقوامی برادری نے مودی کے تمام غیر قانونی اقدامات پر آنکھیں موند رکھی ہیں۔
ایوان صدر مظفرآباد سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت نے ڈومیسائل قوانین میں جو تبدیلی لائی ہے اُس کے تحت بھارت کی فوج کے سابق اہلکاروں، سول افسروں اور اُن کے بچوں کے علاوہ ایسے طلبہ جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں تعلیم حاصل کی اُنہیں ریاست کے مستقل باشندوں جیسے حقوق حاصل ہوں گے۔
بھارت کے اس تازہ اقدام سے مقامی کشمیری نہ صرف ملازمتوں کے حقوق سے محروم ہو جائیں گے بلکہ اپنی زمین، باغات، جنگلات اور دوسرے قدرتی وسائل سے بھی محروم کر دیئے جائیں گے اور وہ اپنی ہی زمین میں بے زمین اور اپنے گھروں میں بے گھر ہو جائیں گے۔














