
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سابق
وزیر اعظم نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل جلد سننے کا کوئی جواز نہیں ،تمام اپیلیں الگ الگ سنی جائیں گی ،عدالت نے رجسٹرار آفس سے کورونا ایس او پیز کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی ۔
جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دورکنی بینچ نے نواز شریف،مریم نواز،کیپٹن صفدر کی نیب کی اپیلیں جلد مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے عدالت کو بتایا کہ ہم تمام چھ اپیلوں کی جلد سماعت چاہتے ہیں جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ اپیلیں سنی تو الگ الگ ہی جائیں گی نوازشریف کی بریت کیخلاف اپیل جلد سننے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ بریت اور سزا والی اپیلوں کو الگ الگ ہی دیکھا جائے گائے کورونا ایس او پیز کے تحت بھی ہم معاملات کو دیکھ رہے ہیں سزا کیخلاف اپیلوں کو تو سن رہے ہیں ۔
بریت کیخلاف ابھی نہیں عدالت نے رجسٹرار عدالت سے کورونا ایس او پیز پالیسی پر رپورٹ طلب کر لی رجسٹرار آفس بتائے نواز شریف کیس کا موجودہ پالیسی کے تحت کیا سٹیٹس ہے عدالت نے اپیلیں جلد سننے کی نیب درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ رجسٹرار آفس کی رپورٹ دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔














