
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبرایجنسی ،فوٹو :فائل )وزیراعظم عمران خان نے فراش ٹاﺅن میں
نیاپاکستان ہاﺅسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا اورتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب غریب کااپنا گھر ہوگا،اب اس سکیم کے تحت جو وہ کرایہ دیتے ہیں اسی کرائے کو وہ قسطوں کے طور پر دیں گے اور وہ اپنے گھر کے مالک بن جائیں گے،کچی آبادیوں کو بھی مالکان حقوق دیئے جائیں گے ، اس حوالے سے سی ڈی اے نے بہت بڑا پلان بنایا۔
نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت فراش ٹاﺅن اپارٹمنٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سستے قرضے دینے کے حوالے سے ہماری تمام کوششیں کامیاب ہوئی ہیں اور آج فراش ٹاﺅن دوسال کے اندر یہاں لوگوں کو گھر مل جائیں گے ،اس کیلئے جنرل حیدر اور نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔جب چھوٹے قرضے کے لئے لوگ بنک جاتے ہیں تو ان کو بہت سی مشکلات اٹھانا پڑتی ہیں اور بنک میں ابھی بھی یہ مشکلات چل رہی ہیں ہم ان کو دور کررہے ہیں،سی ڈی اے کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اس پروگرام کے لئے بہت محنت سے کام کیا۔ لوگ اجازت کیلئے سی ڈی اے کے پاس جاتے تھے اور وہ نقشے منظور نہیں ہوتے تھے اور پیسے بھی لوگوں سے مانگتے تھے مگر اب ایسا نہیں ہے۔ا
نہوں نے کہاکہ کرتارپور کی تیاری بھی ریکارڈ وقت میں کی اور اس فراش ٹاﺅن کے فلیٹس کی بھی اسی طرح تیاری کریں گے۔پہلے دو ہزار فلیٹ متوسط طبقے کو دیئے جائیں گے ،یہ گھر ایسے لوگوں کو دیئے جائیں گے جو کرائے کے مکانوں میں رہتے ہیں اور کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ اسلام آباد میں اپنا گھر بنا سکیں گے لیکن اب ان کا خواب پورا ہونیوالا ہے۔اب اس سکیم کے تحت جو وہ کرایہ دیتے ہیں اسی کرائے کو وہ قسطوں کے طور پر دیں گے اور وہ اپنے گھر کے مالک بن جائیں گے ،وائلڈر، مکینک ، مزدور اور کسانوں کو بھی اپنے گھر دیں گے اور یہ ساری اسکیمیں انہی لوگوں کے لئے بنائی جارہی ہیں۔تین لاکھ روپے حکومت ہر گھر پر سبسڈی دے رہی ہے ،کچی آبادیوں کے لئے کسی نے کبھی نہیں سوچا اور یہ آبادیاں بڑھتی جارہی ہیں ، کراچی میں چالیس فیصد اور اسلام آباد میں بھی اسی طرح کی کچی آبادیاں ہیں ،ہم ان کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے اور تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہ وہاں کوئی سیوریج سسٹم ہے اورنہ پانی کی سہولت ہے لیکن ہم سب کچھ کچی آبادی کے رہائشیوں کو دینا چاہتے ہیں اس حوالے سے سی ڈی اے نے بہت بڑا پلان بنایا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے اوپر قرضے چڑھ رہے ہیں ہر سال قسطیں بڑھتی جارہی ہیں بدقسمتی سے ہم نے اپنی معیشت کو درست نہیں کرسکے ہماری کوشش ہے کہ ملک کی دولت کے اندر اضافہ کریں اور جیسے جیسے دولت میں اضافہ ہوگا ہم قرضوں کی قسطیں واپس کرسکیں ،نیا ہاﺅسنگ پروگرام کے ساتھ 30ملکی انڈسٹریز منسلک ہیں اور جب یہ سکیمیں بننا شروع ہوں گی تو اس سے مزید کنسٹرکشن کمپنیاں منسلک ہو جائیں گی اور اس سے روز گار بڑھے گا ۔




































