فلسطینیوں کے قتلِ عام کو روکنا اور اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا ترجیح ہے:پاکستان

واشنگٹن( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے غزہ میں جاری تنازع کے خاتمے کے

لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ منصوبے کو ایک مثبت اور قابلِ قدر پیشرفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔

سلامتی کونسل سے خطاب میں پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششیں لائقِ تحسین ہیں، اور امن معاہدے نے غزہ میں جاری خونریزی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے غزہ سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا کیونکہ پاکستان کی اولین ترجیح معصوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کو روکنا اور اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا یقینی بنانا ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ اس منصوبے نے غزہ میں پائیدار امن کی نئی امید پیدا کی ہے۔ مذاکرات کے دوران پاکستان نے نہ صرف عرب ممالک کے مجوزہ پروپوزل کی حمایت کی بلکہ اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست اور القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے اصول پر بدستور قائم ہے۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور کی، جس کے حق میں 14 ووٹ ڈالے گئے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا۔ روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ ووٹنگ کے بعد امریکی مندوب نے پاکستان سمیت مصر، قطر، اردن، سعودی عرب، امارات، ترکیے اور انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔