
مظفرآباد (نیوز ڈیسک،فوٹو فائل )آزاد کشمیر کے وزیرِاعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف
تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیرِاعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے۔ اسمبلی کے اجلاس میں مجموعی طور پر 44 ارکان میں سے ووٹنگ کے وقت 38 ارکان موجود تھے، جن میں سے 36 نے تحریکِ عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں تحریکِ عدم اعتماد سردار جاوید ایوب اور چوہدری قاسم مجید نے دیگر اراکین کے ہمراہ پیش کی۔ تحریک میں فیصل ممتاز راٹھور کو متبادل قائدِ ایوان کے طور پر نامزد کیا گیا، جو آزاد کشمیر کے سولہویں جبکہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیرِاعظم ہوں گے۔
تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار تھے۔ کامیابی کے بعد چوہدری انوار الحق اپنے منصب سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ وہ اپریل 2023 میں 48 ووٹ لے کر وزیرِاعظم منتخب ہوئے تھے۔ ادھر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ارکان سمیت پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے اراکین بھی مظفرآباد پہنچ گئے، جبکہ پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حمایت 36 سے بڑھ کر 38 ووٹ تک پہنچ چکی ہے۔ فارورڈ بلاک کے مزید دو ارکان نے بھی تحریک میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
تحریک عدم اعتماد پر شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے دستخط موجود ہیں جبکہ مسلم لیگ ن قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر قائم ہے۔ شہر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
نئے وزیرِاعظم کی حلف برداری منگل کو متوقع ہے، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی شرکت کا امکان ہے۔ دوسری جانب چوہدری انوار الحق نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریکِ عدم اعتماد کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا





































