
تبصرہ نگار:خورشید بیگم
کتاب: سلامتی کے ستون
مصنفہ: اُم عبداللہ
خوبصورت سرورق اور بہترین طباعت والی یہ کتاب "سلامتی کے ستون" اُم عبداللہ کا شاہکار ہے۔ وہ ہمہ وقت وطن کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت
کے لیے فکر مند رہتی ہیں۔ اس سے پیشتر بچوں کے لیے لکھی گئی ان کی کتابیں اس بات کی گواہ ہیں۔ علم و ادب و سیرت پر مبنی کئی آن لائن کلاسز بھی انہوں نے بچوں کے لیے شروع کر رکھی ہیں۔
زیرِ نظر کتاب میں مصنفہ نے خوبصورت انداز میں ایک جن زادے کی زبانی کہانی سنا کر ارکانِ اسلام کو سلامتی کے ستون ثابت کیا ہے۔ ہر رکنِ اسلام کو بچوں کی زبان میں اس طرح لفظوں کے بندھن میں پرویا ہے کہ بچے اسے جن کی کہانی سمجھ کر پڑھیں اور اصل مفہوم سمجھ جائیں۔ اس باتصویر کتاب میں ہر رکنِ اسلام کی ادائیگی کا صحیح طریقہ بھی سکھایا گیا ہے، مثلاً نمازوں کو دیکھ لیں جن میں بچہ اپنے دادا سے کہتا ہے "مسجد میں نظم و ضبط کے ساتھ باجماعت نماز پڑھتے ہوئے یہ کتنے باوقار لگ رہے تھے"۔ گویا نماز ایک معمول کی ورزش نہیں بلکہ فرائض و سنن کی مکمل ادائیگی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی بندگی ہے جو برائی سے روکتی ہے۔ آسان فہم انداز میں حج کا طریقہ بھی بتا دیا گیا ہے۔
صرف ایک حدیثِ مبارک کے ذریعے روزے کا اجر و ثواب بتا دیا گیا ہے۔ غرض کہ غیر محسوس انداز میں بچوں کو یہ سمجھا دیا گیا ہے کہ انہیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی اسلام کے اصولوں کے مطابق گزارنا چاہیے۔ کتاب کے اختتام تک بچے یہ بھی جان جاتے ہیں کہ قرآنِ پاک کی سورۃ احقاف میں جنوں کا ذکر موجود ہے۔ وہ بھی مسلم یا کافر ہوتے ہیں۔ میری رائے میں یہ کہ بچوں کے علاوہ بڑے بھی اس دلچسپ کتاب کو پڑھیں تو محظوظ بھی ہوں گے اور مصنفہ کی ذہانت اور دین سے لگاؤ کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ میرا مشورہ ہے کہ یہ کتاب ضرور خریدیں، خود بھی پڑھیں اور دوسروں کو بھی پڑھوائیں۔
رابطہ نمبر: 03335487846




































