ایران آبنائے ہرمز کو ’معاشی ایٹمی ہتھیار‘ کے طور پر استعمال کر رہا ہے: امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن( ویب ڈیسک،فوٹو فائل )امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو دنیا کے خلاف ’معاشی ایٹمی

ہتھیار‘ کے طور پر استعمال کر رہا ہے، اس لیے کوئی بھی معاہدہ ایران کے جوہری پروگرام کو شامل کیے بغیر ممکن نہیں۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران 25 فیصد عالمی توانائی کی ترسیل روکنے کی صلاحیت پر فخر کر رہا ہے، اور اگر اسے جوہری ہتھیار حاصل ہو گیا تو صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جوہری صلاحیت حاصل کر کے خود کو ناقابلِ دسترس بنانا چاہتا ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں موجود اس کے حمایت یافتہ گروہوں کو بھی تقویت ملے گی،مارکو روبیو نے الزام عائد کیا کہ ایران نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کے مختلف علاقائی گروہوں سے روابط ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی قیادت کا نظریہ خطرناک ہے، جو کسی بھی ممکنہ معاہدے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنے اندرونی مسائل کے باعث وقتی ریلیف چاہتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اگر معاہدہ نہ ہو سکا تو آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ امریکی صدر کریں گے۔