
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں،
جس کے باعث پاکستان کا ہفتہ وار درآمدی بل 300 ملین ڈالر سے بڑھ کر 800 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کل جمعہ کو کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باعث پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر متاثر ہوا ہے اور گزشتہ دو سال کی معاشی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل حالات کے باوجود معیشت کو سنبھالنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد بھی جاری رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے معیشت میکرو سطح پر استحکام کی جانب گامزن تھی اور ملک ترقی کی راہ پر بڑھ رہا تھا، تاہم جنگی حالات نے اس عمل کو شدید متاثر کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت چیلنجز کے باوجود معیشت کو دوبارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرے گی اور ملک کو موجودہ مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔





































