آرمی چیف سے ملاقات میں وزیراعظم کی غیر حاضری حیران کن لگی،سراج الحق

اسلام آباد(ویب ڈیسک )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے سیاسی جماعتوں کے رہنماوں

کی ملاقات میں وزیراعظم کی غیر حاضری حیران کن لگی ،ہمیں آرمی چیف کی دعوت پر آنے کی بجائے اگر وزیراعظم دعوت دیتے تو زیادہ اچھا ہوتا ۔
وزیراعظم کی عدم موجودگی کا نقطہ عسکری قیادت کے سامنے بار بار اٹھایا گیا، ملاقات کے حوالے سے بہت سی باتیں تو شیخ رشید نے بیان کی ہیں لیکن انہوں نے آدھی بات کی منگل کی شب ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ آرمی چیف سے پارلیمانی رہنماﺅںکی ملاقات میں ہمیں بھی دعوت دی گئی، اس لئے ہم بھی گئے اور جانے سے پہلے میں نے کشمیری قیادت اورجماعت اسلامی کشمیر کی پوری ٹیم کے ساتھ مشاورت کی۔
دعوت میںہمیںکہاگیا کہ گلگت بلتستان اور خطے کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آرمی چیف آپ لوگوںسے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ میری معلومات کے مطابق انہوں نے تمام لوگوںکو ایسی ہی دعوت دی جب میں گیا تو وہاں میاں شہباز شریف، بلاول بھٹو، اسد محمود ، وزیراعظم آزاد کشمیر،چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، شیخ رشید، گنڈاپور تقریباً پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما اور پی ٹی آئی کے رہنما بھی موجود تھے ۔
موضوع پر بحث کا آغاز بھی آرمی چیف نے کیا کہ ہمیں بہت زیادہ بین الاقوامی مشکلات کا سامنا ہے بہت سے ممالک ایسے ہیں جو سازش کررہے ہیں۔ سی پیک کا مسئلہ بھی ہمیں درپیش ہے لہذا ان تمام صورتحال کے تناظر میںہم چاہتے ہیں کہ گلت بلتستان کو ایک عارضی صوبے کا اسٹیٹس دیا جائے اس پر تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ وہاںوزیراعظم کی غیر حاضری حیران کن توضرور لگی لیکن اب لوگ اس کے عادی ہوگئے ہیں، جب اس طرح قومی ایشو یا ملکی مسئلہ ہوتا ہے جس طرح پلوامہ کا بہت بڑا واقعہ ہوگیا انڈیا کے جہازوں نے حملہ کیا وہ بہت بڑاواقعہ تھا پھر کورو نا کی وباءجس نے پوری دنیا اورپاکستان کو اپنی لپیٹ میں لیا یہ بھی بہت بڑاواقعہ تھا لیکن ہر مرحلے پر ہونا یہ چاہیے تھا کہ وزیراعظم ماضی کی طرح سیاسی جماعتوں کو بلاتے لیکن معلوم نہیں کیا وجہ ہے یا تو وزیراعظم ماحول کاسامنا نہیں کرسکتے ان کی پارٹی کے لوگ تو موجود ہوتے ہیں لیکن وہ خود نہیں آتے یا تو وزیراعظم محسوس کرتے ہیں کہ میں نے ماحول کو اتنا تلخ بنایا ہے کہ وہ اب کسی مجلس میں خود آنا بھی ناممکن سمجھتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے سب نے اسی پر بات کی کہ ہمیں آرمی چیف کی دعوت پر آنے کی بجائے اگر وزیراعظم دعوت دیتے تو زیادہ اچھا ہوتا کیونکہ حکومت کو لیڈ تو وہی کررہے ہیں قوم پارلیمنٹ اور دنیا کے سامنے تو وہ جوابدہ ہیں جو سب سے زیادہ ذمہ دار ہے وہ ہمیشہ غیر حاضر رہتے ہیں ۔