ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا اجلاس

کراچی (نمائندہ رنگ نو) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا اجلاس گزشتہ روزبیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں منعقد ہوا، جس کا عنوان ’’عالمی یوم تعلیم اور بچوں کے حکیم محمد سعید‘‘ تھا۔ اجلاس میں ممتازکاروباری شخصیت کمانڈر (ر) محمد ذاکر کو بہ طور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان اورہمدرد نونہال اسمبلی کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے اجلاس میں شرکت کی۔
محترمہ سعدیہ راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوری کے مہینے سے نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ یہ ماہ ہمارے لیے نئی امنگیں اور امیدیں لے کر آتا ہے۔ ساتھ ہی یہ مہینہ ہمیں ایک ایسی شخصیت کی یاد دلاتا ہے، جس نے تا عمر دلوں اور ذہنوں میں اُمنگوں اور اُمید کی روشنی پھیلائی، وہ شخصیت شہید حکیم محمد سعید کی ہے جنہوں نے ۹ جنوری کو اس دنیا میں آنکھ کھولی۔
  اُنہوں نے کہا کہ دنیا بھر میںماہ جنوری میں تعلیم کا دن منایا جاتا ہے۔ تعلیم وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تعلیم ایک اچھے معاشرے کی تشکیل و تربیت کے لیے ضروری ہے۔ یہی شہید حکیم محمد سعید کا پیغام بھی تھا۔ اُن کی شخصیت کے جو پہلو بہت نمایاں اور اہم تھے، اُن میں تعلیم و تربیت کے فروغ ، اخلاق کی تعمیر اور نونہالوں سے محبت شامل ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ افراد ہوں یا اقوام، آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے لیے تعلیم ہوا اور پانی کی طرح ناگزیر ہے۔ آج ترقی یافتہ اقوام کی کامیابی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے۔ ترقی یافتہ اقوام کی اخلاقی اقدار، اُن کے سماجی شعور اور قانون پسندی کی وجہ اُن معاشروں کا تعلیم یافتہ ہونا ہے۔
اُنہوں نے نونہالوں کو تلقین کی کہ وہ شہید حکیم محمد سعید کی طرح سماج میں تعلیم پھیلانے کے لیے کام کریں۔ ’’اگر آپ میں سے ہر نونہال آج یہ عزم کرلے کہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ اُن بچوں کوبھی زیور تعلیم سے آراستہ کرےگا جوکسی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کرپارہے ، تو ہمارے ملک میں کتنے ہی بچے تعلیم کی نعمت پالیں گے۔‘‘
کمانڈر (ر) محمد ذاکر نے ہمدرد نونہال اسمبلی میں شرکت کی دعوت پر محترمہ سعدیہ راشد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بچپن سے ماہنامہ ہمدرد نونہال کے قاری رہے ہیں۔’’ شہید حکیم محمد سعید کے جاگو جگائو کے افکار سے متاثر ہوکرمیں نے بھی کم عمری میں اپنے علاقے میں لائبریری قائم کی تھی۔‘‘عظیم لوگوں کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنی فکر سے اگلی نسلوں کی راہنمائی کرتے ہیں۔ شہید حکیم محمد سعید نے جو ادارے قائم کیے ہیں، یہ انشاء اللہ اگلی کئی صدیوں تک پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ شہید حکیم محمد سعید کی تقلید میں، میں نے بھی معاشرے میں تعلیم کے فروغ کو اپنا مشن بنایاہے۔ ‘‘
اُنہوں نے تعلیم کے پھیلائو اورنئی نسل میں انٹر پرینیور شپ کے فروغ کے حوالے سے اپنے اسکول کے متعلق بتایا کہ اس پروجیکٹ میں زیر ِ تعلیم نونہالوں کو انٹر پرینیور شپ کی بھی تربیت دی جارہی ہے، تاکہ ایسی باصلاحیت نسل پروان چڑھائی جاسکے جوملک کی اقتصاد ی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے۔  
مختلف اسکولوں کے نونہال مقررین لائبہ ارسلان(قائد ایوان)،کامران احمد صدیقی(قائد حزب اختلاف)، عائزہ ارسلان، ایمن شفیع ، حسان بن ارسلان ، میرب اور فضا بشیر نے اپنی تقاریر میں تعلیم کی اہمیت اورقائد نونہال شہید حکیم محمد سعید کی خدمات پر اُنہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں اسپیکر کے فرائض ہمدرد پبلک اسکول کی طالبہ فصیحہ گل نے انجام دئیے۔بروکس ایجوکیشن سسٹم کے طلبہ نے تعلیم پر خصوصی ٹیبلو پیش کیا اور پی این جی سیکنڈری اسکول کے طالب علم محمد حمزہ فضل نے اقوال سعید سُنائے۔
اس موقع پر شہید حکیم محمد سعید کی یوم ولادت منانے کے لیے کیک کاٹنے کی خصو صی ر سم ہوئی، جس میں آڈیٹوریم میں موجود سب سے کم عمر طالب علم اور مہمان خصوصی سے کیک کٹوایا گیا۔بعد ازاں تقریب کے اختتام پر ہمدرد پبلک اسکول و ہمدرد ولیج اسکول کے طلبہ نے دعائے سعید پیش کی ، جس کے بعداجلاس میں حصہ لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔