کراچی (نمائندہ رنگ نو )الخدمت کے ‘’آرفن کیئر پروگرام “کے تحت باہمت بچوں کوعظیم رہبرورہنما ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش( وزیر منشن ) اور
قائد اعظم میوزیم کا مطالعاتی دورہ کروایا گیا۔ اس موقع پر الخدمت کے ذمہ داران بچوں کے ساتھ موجود تھے۔
بچوں نے میوزیم اور قائد اعظم کی جائےپیدائش کے مختلف حصے دیکھے، وہاں موجود قائد اعظم محمد علی جناح کی ذاتی استعمال کی اشیا کو انتہائی دلچسپی سے دیکھا اوران سے متعلق سوالات بھی کیے۔ بچوں نےمیوزیم میں قائداعظم کے زیر استعمال کاریں ،وہاں موجود پکچر گیلری ،ان کے زیراستعمال رہنے والی نادر اشیادیکھیں اور ان سے متعلق آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر قائد کی جائے پیدائش کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر منیر خیال نے تفصیلی طور پر بچوں کو وزیر منشن آمد پر خوش آمد ید کہا اور انہیں قائد کی جائے پیدا ئش کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا اور قائد اعظم کے زیر استعمال اشیا سے متعلق مکمل معلومات فراہم کیں۔ بچوں نے انہماک سے تمام معلومات حاصل کیں اور آرفن کیئر پروگرام کی جانب سے دورہ پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔بچوں کا کہنا تھا کہ انہیں یہاں پہلی بار میوزیم ،وزیر منشن آکر دلچسپ اور اہم ترین معلومات حاصل ہو ئی ہیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی وطن عزیز کیلئے عظیم جدوجہداور ان کی زندگی سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
اس موقع پر بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ یاد رہے الخدمت جہاں ان” باہمت “بچوں کی کفالت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔ وہاں ان کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت ”باہمت “بچوں کو مطالعاتی دورے کروائے جاتے ہیں کہ وہ ملکی تاریخ،مقامات اور اسلاف کے کارناموں سے آگاہ ہو سکیں۔