الخدمت ”چائلڈ اینڈمدر کیریکٹر ڈیو لپمنٹ پروگرام کے تحت یوم اقبال پرتقریب

   کر اچی (نمائندہ رنگ نو) الخدمت کراچی کے چائلڈ اینڈ مدرکیریکٹر ڈیو لپمنٹ پروگرام کے تحت شاعر مشرق،حکم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 144واں یوم ولادت منایا گیا

،جس کا مقصد باہمت یتیم بچوں کو ان کی شخصیت ،شاعری اور پاکستان کیلئے ان کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا ۔

اس سلسلے میں لیاری میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا،جس میں بچوں کے درمیان ”علامہ محمد اقبال “کے عنوان سے تقریری مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا ،جس میں بچوں نے بڑے پرجوش انداز میں تقاریر پیش کیں ۔تقریب میں باہمت بچوں کی مائیں بھی شریک تھیں ۔ بچوں نے علامہ اقبال کی لکھی ہوئی نظمیں بھی پیش کی ۔

تقریب میں شاعر مشرق کی شخصیت اور شاعری پر گفتگو کر تے ہوئے انچارج چائلڈ اینڈ مدرکیریکٹر ڈیو لپمنٹ پروگرام ہارون راجپوت نے کہا کہ شاعر مشرق آفاقی شاعر تھے ۔ان کی شاعری میں جہاں امید ملتی ہے ،وہاں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور منزل پانے کی جستجو بھی ۔

انہوں نے قیام پاکستان سے قبل مسلمانان برصغیر کو اپنی شاعری کے ذریعے بیدار کیا ۔مسلمانان برصغیر کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا ۔ہارون راجپوت نے کہا کہ علامہ محمد اقبال سچے عاشق رسول تھے ،ان کا کلام ہمیں اللہ اور قرآن کی جانب مائل ہونے کا درس دیتا ہے ۔تقریب کے اختتام پر بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے ۔