
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )ہمدرد پاکستان کی نئی کارپوریٹ تھیم کےافتتاح کی پُروقار تقریب رونمائی گزشتہ روزبیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں منعقد کی گئی ،جس
میں ہمدرد پاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد نے بہ طور مہمان خصوصی شرکت کی۔
دیگرشرکاء میں ہمدرد لیباریٹریز کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد ، چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم ، ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن سمیت ہمدرد پاکستان کے تمام ذیلی اداروں کے اعلیٰ عہدیداران شامل تھے۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ سید فیض اللہ جوادصاحب نے انجام دئیے۔تقریب رونمائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا،جس کی سعادت حافظ محمد حفیظ نے حاصل کی۔
سید فیض اللہ جواد نے نئی کارپوریٹ تھیم کا مرکزی خیال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد پاکستان نے کارپوریٹ مسابقت کے دور میں بھی اعلیٰ معیار اور احسن انتظامی اقدامات کی بدولت ملک کے شعبہ صحت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ہمدرد پاکستان کا سماج سے قلبی تعلق ممتاز شخصیت شہید حکیم محمد سعید کی وجہ سے قائم ہوا ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی اگلی نسلوں میں اس پہچان کو کامیابی سے منتقل کریں۔ اس پہچان کو مزید مضبوط کرنےکے لیے شہید حکیم محمد سعید کے پیغام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔
محترمہ سعدیہ راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمدرد پاکستان کا منتہائے مقصود تجارت برائے خدمت و عبادت ہے۔ اس مقصد سے انحراف کسی صورت ممکن نہیں ، کیونکہ ہمدرد پاکستان کی اقدار و مقصدیت کا تعین خود بانی ِ ہمدرد پاکستان، شہید حکیم محمد سعید نے کیا ہے ، جن کی اپنی حیات رفاہی خدمات سے عبارت ہے۔ اُن کی تربیت و افکار کی روشنی میں آج بھی سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہمدرد پاکستان کا طرہ امتیاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمدرد پاکستان محض ایک ادارہ نہیں بلکہ فکر انسانی کی ایک ایسی تحریک ہے جس کا مقصد خیر و عافیت ہے۔اس لئے اس کے پیغام کو نہ صرف ہمدرد کے بنیادی فلسفے کی عکاسی کرنی چاہیے بلکہ ہمدرد کا پیغام اپنے معنوی اعتبار سے ہمدرد کے ہر شعبے کی نمائندگی کرتا ہو۔ ہمدرد کی نئی کارپوریٹ تھیم کے پیغام میں ہمدرد کے بنیادی فلسفے کی عکاسی ہوتی ہے۔
ڈاکٹر ارشد سلیم نے کہا کہ ہمدرد پاکستان کی نئی کارپوریٹ تھیم کو متعارف کروانے کا مقصد ہمدرد پاکستان کے بانی شہید حکیم محمد سعید کے افکار اور قیام ہمدرد کے اغراض و مقاصد کا ازسر نو عزم کرنا ہے۔ حکمت کی اہمیت و عظمت کو معاشرے میں نئے سرے سے اُجاگر کرنا ہے۔ ہمدردمعاشرے میں علم و صحت کا پیغام ہے، یہی اس کا ادارہ جاتی تشخص ہے۔ اس تشخص و پہچان کی ہمیں معاشرے میں جدید طرز کی تشہیر کرنی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے ہم معاشرے میں بہتری کی اپنی ذمہ داری سے کامیابی سے عہداں براں ہوسکتے ہیں اور حکمت کی تعمیر و ترویج سے ہم ملک میں درپیش صحت کے مسائل کو کم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں طب یونانی سے رجوع نہیں کیا جاتا، سارا زور جدید ادویہ سازی پر ہے۔ اس کے باوجود مغربی دنیا میں صحت کے مسائل بتدریج بڑھتے جارہے ہیں۔ حکمت کی افادیت و آگاہی دنیا بھر تک پہنچانا ہمدرد پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
پروگرام کے اختتام پرکیک کاٹنے کا اہتمام کیا گیا، جس میں محترمہ سعدیہ راشد،ہمدرد کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نوید الظفرصاحب او ر ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن کو دعوت دی گئی۔
محترمہ سعدیہ راشد نے کیک کاٹ کر نئی کارپوریٹ تھیم کا باضابطہ افتتاح کیا۔بعد ازاں تقریب میں موجود ہمدرد کے کارکنان نے مدینۃ الحکمہ، بیت الحکمہ لائبریری میں قائم ادارہ سعید (حکیم محمد سعید میوزیم) کا دورہ کیا ،جہاں شہید حکیم محمد سعید کے زیر استعمال ذاتی اشیاء و سامان رکھا گیا ہے۔




































