کراچی:سی این جی اسٹیشن میں دھماکا،2افراد جاں بحق،5زخمی

کراچی(رنگِ نوڈاٹ کام )نارتھ کراچی پاورہاؤ س کے قریب سی این جی اسٹیشن پمپ میں ذور داردھماکےسےعلاقے میں خوف وہراس پھیل گیا،واقعے کے

نتیجےمیں جھلس کراسٹیشن کامالک اورملازم جاں بحق اور5سےزائد افرادزخمی ہوگئے،پولیس ،ر ینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کاعملہ موقع پر پہنچ گیا۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

خواجہ اجمیر نگری کے علاقےنارتھ کراچی پاورہاؤس کے قریب پی ایس او مدینہ پیٹرول پمپ میں قائم کیشئرروم سے متصل سی این جی اسٹیشن کے کمپریسر روم میں اچانک ذوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دورتک سنی گئی ۔

ریسکیو ادارے اور پولیس نے فوری طور پرزخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیاگیا،جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 45سالہ راشد انوراور25سالہ ثاقب معین دم توڑگئے،جبکہ 42سالہ فقیرا زمان، 18سالہ حمزہ ،30سالہ جگدیش ،20سالہ محب دلشاداورمحمد نامی شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، اس حوالے سے ڈی ایس پی الطاف حسین او ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی راشد انور پمپ کا مالک تھا اورمتوفی ثاقب اسٹیشن کا ملازم تھا ثاقب پاپوش نگر کا رہائشی اور ایک بیٹی کا باپ تھا اس اسٹیشن میں گزشتہ دو سال سے ملازمت کررہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جائےوقوع سے ابھی تک تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے بی ڈی ایس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ سلنڈریاکمپریسرمیں کوئی فالٹ نظر نہیں آیاشبہ ہے کہ ممکنہ طورپرروم میں کسی نے سگریٹ جلائی جس کی وجہ سے ذور دار دھماکہ ہوا۔پولیس نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعدان کے اہلخانہ کے سپرد کردی

۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ کیا ان سی این جی اسٹیشن کے متعلق  وفاقی ادارہ انسپیکشن  نہیں کرتا،اگر انسپیکشن  ہوئی تھی تو آخری بار کب ہوئی جبکہ کمپریسر کے ایکسپائر یا ناقص ہونے سے متعلق بھی تفصیلات طلب کی ہیں۔