
ابوظہی (ویب ڈیسک )ابوظہی میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس
کےاختتام پراعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی کے لیے بھارتی پائلٹ واپس کرکے خیر سگالی کا اشارہ دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت اور بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان کی قراردادیں منظور کی گئیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے اختتام پر کہا ہے کہ اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت کا عزم دہرایا گیا اور کشمیریوں کی حمایت پر مبنی قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر بنیادی تنازع ہے، جنوبی ایشیا میں امن کے لیے کشمیر کا تنازع حل ہونا ناگزیر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی گئی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ عالمی برادری سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان کی ایک اور قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد میں بھارتی دراندازی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ، اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت کے باعث پاکستان نے افتتاحی سیشن کا بائیکاٹ کیا، تاہم دیگر سیشنز میں دفتر خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔














