قومی ویمن کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے ، تربیتی کیمپ شروع

کراچی (اسپورٹس ڈیسک )سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کی خاطر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں

،جس کے بعد قومی ویمن کرکٹرز کا تربیتی کیمپ گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹرکراچی میں شروع ہو گیا ہے جو 18 مئی تک جاری رہے گا۔
چھبیس کھلاڑیوں پر مشتمل کیمپ کے دورن 11، 14 اور 17 مئی کو تین پریکٹس ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے ،جبکہ دو ٹی 20میچز 12 اور 15 مئی کو رکھے گئے ہیں۔بورڈ ترجمان کے مطاق کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی نیٹ اور فیلڈنگ سیشنز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ ہوگی تاہم 13 اور 16 مئی کو انہیں آرام کا موقع فراہم کیاجائے گا۔
بورڈ ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی صبح 11 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک ٹی ٹونٹی پریکٹس میچ کھیلا جائیگا۔آل راﺅنڈرندا ڈار دوپہر ساڑھے بارہ بجے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹرمیں میڈیا ٹاک کریں گی۔ 18 مئی کو قومی ٹیم کی صبح ساڑھے نوسے پونے ایک بجے تک پریکٹس ہوگی ، اس موقع پر سدرہ امین میڈیاسے گفتگو بھی کریں گی۔
تربیتی کیمپ میں طلب کی گئی پلیئرز میں ایمن انور، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ بلال، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، نجیہ علوی، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز، تسمیہ رباب، طوبہ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور یسری عامرشامل ہیں۔