سری لنکا کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئے قومی خواتین سکواڈز کا اعلان

لاہور(اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےسری لنکا کےخلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے قومی

خواتین کرکٹ سکواڈز کااعلان کردیا ۔
وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ سپنر طوبہ حسن کو قومی خواتین ٹی 20ی انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز میں شامل تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 3اور 5جون کو کھیلے جائیں گے۔
ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں سکواڈز کا انتخاب کیا۔انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد سکواڈ کا انتخاب کیا ہے،کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثنا، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی 20ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں،یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی سے سکواڈ کو جوائن کریں گی۔
سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔ چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ اسماویہ اقبال نے قومی خواتین ٹی20اور ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ ز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبہ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔