اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک):مینز ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، قومی ٹیم ٹورنامنٹ
میں شرکت کے لئے (آج) جمعرات کو انڈونیشیا روانہ ہو گی۔ پی ایچ ایف کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز23 مئی سے ہو رہا ہے۔
قومی ٹیم عمر بھٹہ کی قیادت میں جمعرات کے روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ روانہ ہو گی۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو پول اے میں میزبان انڈونیشیا، بھارت اور جاپان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور بنگلہ دیش شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 4 میچ کھیلے جائیں گے۔
قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی، اسی گروپ کے دوسرے میچ میں جاپان اور میزبان انڈونیشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، پول بی کا پہلا میچ ملائیشیا اور اومان جبکہ دوسرا میچ جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنا دوسرا پول میچ 24 مئی کو انڈونیشیا جبکہ تیسرا اور آخری پول میچ 26 مئی کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔ فائنل یکم جون کو کھیلا جائے گا۔