
کراچی (اسپورٹس ڈیسک)قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کوتیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی
قومی ٹیم نے 108 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بسمہ معروف کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ جبکہ طوبی حسن کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
ساﺅتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ ابتدا میں سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو اور حسینی پریرا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز بنکر پوزیشن مضبوط کرلی تاہم 16.4 اوورز میں 83 رنز پر ان کے 7 کھلاڑی آﺅٹ ہوگئے ۔ سری لنکن ٹیم کی پانچ کھلاڑی رن آﺅٹ ہوئیں۔ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ 14واں موقع تھا جب ایک اننگز میں پانچ بلے باز رن آﺅٹ ہوئے جس میں دوسری بار سری لنکا شامل ہے۔
ایک اننگز میں سب سے زیادہ رن آﺅٹ کا ریکارڈ 6 میانمار کے خلاف سنگاپور کے پاس ہے۔
انہوں نے اپریل 2019 میں9 وکٹ پر 86 رنز بنائے تھے۔ حسینی پریرا 24 اور چماری 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں۔ ان دونوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد سری لنکن ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ نیلاکشی 9 ، اوشادی رانا سنگھے صفر، ہرشیتھا ایک ، کویشا دلہاری اور کنچنا دو دو رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں۔
انوشکا سنجیوانی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہیں جبکہ سوگندیکا 10 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں۔ قومی ٹیم کی باﺅلر طوبی حسن، کائنات امتیاز اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکن ویمنز ٹیم کا 108 رنز کا ہدف قومی ویمنز ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد اننگز کی آخری بال پر حاصل کرلیا جبکہ ابھی اس کی 4 وکٹیں باقی تھیں۔ قومی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنرز منیبہ علی نے 25، ارم جاوید 10 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں۔
قومی ویمنز ٹیم نے اپنے ابتدائی دس اوورز میں صرف 45 رنز بنائے,اس کے بعد عالیہ ریاض ، عائشہ نسیم اور ندا ڈار نے سکور کو آگے بڑھایا لیکن دونوں جلد ہی آﺅٹ ہوگئیں۔ عالیہ ریاض 17 ، عائشہ نسیم 10 اور ندا ڈار 14 رنز بنا سکیں۔ قومی ویمنز ٹیم کو آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، کپتان بسمہ معروف نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔





































