حکومت مسئلہ کشمیرپر پالیسی واضح کرے،عبدالرشید ترابی

کراچی(رنگ نوڈاٹ کام ) کنوینر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا

ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کر کے دنیا کے امن کو چیلنج کردیا ہے۔ 

۔ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی ضمیر حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کانوٹس اور سلامتی کونسل کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرپر اپنی پالیسی واضح کرے کیونکہ یہ ریاست پاکستان کی بقاءو سلامتی کا مسئلہ ہے اس لئے تو بانی پاکستان قائد اعظم نے اس کو شہ رگ قرار دیا تھا ہم حسن ظن رکھتے ہوئے کسی حکمران یا جنرل سے اس پر سودے بازی کا سوچ نہیں سکتے۔ کشمیراس وقت حالت جنگ میں ہے ان شاءاللہ ہم یہ جنگ جیتیں گے ۔

عبدالرشید ترابی کہا کہ آج کرفیو کو 26 دن ہو گئے مگر بھارتی فیصلے کے خلاف پوری وادی میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ٹعلیمی ادارے، ہسپتال، بازار کاروباربند،معمول کی زندگی مفلوج حتیٰ کہ عید نماز اور لوگوں کی عبادت پرپابندی ہے۔ ایک بدترین ریاستی دہشت گردی اور مارشل لاءنافذ ہے۔ 8 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو اٹھا لیا گیا ہے جس میں 8،10 سال کے بچے بھی شامل ہیں جو کسی مظاہرے میں شریک بھی نہیں ہوئے اس وقت کشمیری ایک قلعہ میں بند ہیں۔ اس تمام تر جبر اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے حوصلے پست اور نہ ہی ان کے دلوں سے جذبہ جہاد اور شوق شہادت ختم کر سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو چاہیے کہ وہ دنیا کے دورے کرے اور میدان عمل میں نکل کر بھارتی فسطائیت سے دنیا کو آگاہ کرے۔

اس موقع پر سیکریٹری پریس کلب ارمان صابر، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، سندھ کے نائب امیر ممتاز سہتو اور سیکریٹری اطلاعات مجاھد چنا بھی موجود تھے۔ قبل ازیں عبدالرشید ترابی کا پریس کلب آمد پر استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کیا گیا۔