وفاقی کابینہ میں کھاد کی بوری پر395 روپے کا ٹیکس ختم کرنے کی منظوری

اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبرایجنسی )وفاقی کابینہ نے کھاد کی بوری پر395 روپے کا ٹیکس ختم کرنے کی

منظوری دیدی، سابقہ حکمرانوں کے خلاف ضابطہ اور غیر ضروری و ناجائز اخراجات کو ایک ماہ میں وصول کرنے کا اعلان کردیا گیا ، بصورت دیگر ان سابقہ حکمرانوں کیخلاف قانونی کارروائی شروع ہوجائے گی۔

کابینہ نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کو صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کی ہدایت کردی، آئی جی پولیس سندھ کی تقرری کیلئے ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیاہے، پینل میںموجود ناموں پر اکثریت نے تحفظات کااظہار کردیا ہے، گورنر سندھ فوری طورپر وزیراعلیٰ سے رابطہ کریںگے ، صوبوں سے گندم کے دستیاب ذخائر کے اعدادوشمار بھی طلب کرلئے گئے ، آٹا بحران میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کی ہدایت جاری کردی گئی۔

 وفاقی کابینہ کا غیر معمولی نوعیت کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا اقتصادی صورتحال ، سیاسی حالات، اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات کار، آٹے چینی کی قیمتوں میں اضافے ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا ، 18نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا، کابینہ نے کم آمدن افراد کیلئے گھروںکی تعمیر سے متعلق وزارت ہاﺅسنگ و تعمیرات کی سمری کو موخر کردیا ہے اور سمری کو مزید جامع بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 اجلاس کے بعد پی آئی ڈی اسلام آباد کے میڈیا سنٹر میں بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران اپنے اس دبنگ عزم کودہرایا کہ عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ مہنگائی سے نکالا جائے گا پسے ہوئے طبقات کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اس حوالے سے فوڈ اینڈ سیکورٹی کی وزارت اور دیگر اداروں کی طرف سے آٹا کے بحران پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا اور وزیراعظم نے کہاکہ آٹا بحران میں ملوث مافیا کیخلاف ہرممکن حد تک جائیں گے۔ کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا، عوامی زندگی کو بہتر بنانے اور مہنگائی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ضروری ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ مانیٹرنگ سسٹم کو فعال بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں آزاد ،منصفانہ ، صاف شفاف انتخابات جمہوری چہرے کے ساتھ جڑا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان مکمل طورپر وجود میں آچکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی کمیٹی کو ضروری ہدایات جاری کی ہے کہ تمام ارکان مشاورت سے صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تجویز کریں اور عام انتخابات سے جڑے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے۔