
کراچی ( ویب ڈیسک ،خبرایجنسی) اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، شرح سود
13.25فیصدبرقرار رکھنے کا فیصلہ ، رواں سال مہنگائی کی شرح 11سے 12فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔زرعی پیداوار ہدف سے کم ہونے کا خدشہ ، برآمدی شعبے کو خصوصی طور پر سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ورکنگ کیپیٹل اسکیم میں بھی 100 ارب روپے کا اضافہ کردیاگیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 13.25 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے رواں سال مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہنے کی پیشگوئی بھی کردی۔
رضا باقر نے کہا کہ سپلائی کا عمل بہتر ہونے سے مہنگائی کی شرح کم ہونے کی توقع ہے۔ رواں سال زرعی پیداوار ہدف سے کم ہونے کا خدشہ ہے جبکہ مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ برآمدی شعبے کو خصوصی طور پر سپورٹ کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام میں مزید بہتری آرہی ہے اور برآمدی شبعے کے لیے قرضوں کی حد 200 ارب روپے کی جارہی ہےاقتصادی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے'۔
رضا باقر نے کہا کہ روایتی مصنوعات کے بجائے تمام مصنوعات کی برآمدات کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ ورکنگ کیپیٹل اسکیم میں بھی 100 ارب روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ 'چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے بھی جلد نئی اسکیم کا اعلان کیا جائے گا'۔
رضا باقر نے کہا کہ 'کاروباری برادری کے لیے سرمایہ کاری اور درآمدی عمل کو آسان بنایا جارہا ہے اور شرح مبادلہ کے نظام میں اصلاحات کر کے پائیدار نظام وضع کیا گیا ہے'۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار اب پاکستانی ٹی بلز میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔




































