ایچ ای سی کی طرف سے ڈگریاں تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ درست قرار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے الخیر یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کی ڈگریوں کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن

کی طرف سے تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے ڈگریوں کو تسلیم کرانیکیلئے الخیر یونیورسٹی، الحاق شدہ کالجز اور طالب علموں کی انٹراکورٹ اپیلز خارج کردی۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بینچ کی طرف سے پیر کو جاری تفصیلی فیصلے میں انٹراکورٹ اپیلیں مسترد اور ایک انٹراکورٹ اپیل نمٹانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ عدالت کے پاس اختیار نہیں کہ وہ ریگولیٹر کو طلبا کی ڈگریاں تسلیم کرنے کا حکم جاری کرے۔
ایچ ای سی نے پالیسی بنائی کہ جو طالب علم ٹیسٹ میں 50 فیصد نمبر حاصل کریں ان کی ڈگریوں کو تسلیم کیا جائے گا،طلبا کو ڈگریوں کو ایچ ای سی تسلیم اور تصدیق کرانے کے لیے ٹیسٹ پاس کرنے کی پالیسی پر عمل کرنا ہو گا۔
عدالت نے ایچ ای سی کو ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سٹوڈنٹس کی ڈگریاں تسلیم نہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عدالت نے 8 مئی 2012 سے 30 ستمبر 2015 تک ایچ ای سی کے لیٹر کو معطل رکھا،ایچ ای سی کے خط پر عدالتی حکم امتناع کے دوران داخلہ حاصل کرنے والوں سے متعلق پالیسی پر نظرثانی کی جائے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن ہی پاکستان اور آزاد کشمیر میں اعلی تعلیم کا کا ریگولیٹر ادارہ ہے،الحاق شدہ کالجز نے طلبا کے مستقبل کے ساتھ کھیلا، وہ بھی غفلت میں برابر کے شریک ہیں، فیصلے سے بہت سے طالب علم متاثر ہوں گے مگر صرف اس بنیاد پر ایچ ای سی کا فیصلہ کالعدم قرار نہیں دے سکتے