
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں عام آدمی کیلئے مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.72 فیصد اضافہ
ریکارڈکیا گیا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق 30 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران مشترکہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 126.84 پوائنٹس رہا، گزشتہ ہفتہ کے اختتام پرمشترکہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 125.93 پوائنٹس رہاتھا۔ ایس پی آئی کاتعین 17 شہری مقامات پر51 ضروری اشیاء کی قیمتوں کی بنیادپرکیا جاتا ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.91 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی،17733 روپے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.72 فیصد، 0.74 فیصد، 0.81 فیصد اور0.68 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا۔
ہفتہ کے دوران 11 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 13 کی قیمتوں میں اضافہ اور27 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا،جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہیں ان میں انڈے، پیاز، ٹماٹر، لہسن، ایل پی جی سلنڈر، دال مسور، دال چنا، آٹا، گڑ، سرسوں کاتیل اوربناسپتی گھی شامل ہیں،جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہواان میں کیلا، چکن، تازہ دودھ، آلو، دہی، دال مونگ، دال ماش، چینی، بیف، چاؤل، اری سکس چاول، خشک دودھ اور مٹن شامل ہیں۔اعدادوشمارکے مطابق ہفتہ کے دوران کیلے کی قیمت میں 10.94 فیصد، چکن 7.72 فیصد، دودھ 1.91 فیصد، آلو 1.81 فیصد اوردہی کی قیمت میں 1.08 فیصد اضافہ ہوا۔














