الخدمت فاؤنڈیشن کی افغان بھائیوں کے لئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ

پشاور(ویب ڈیسک)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان جنگ متاثرہ افغان بھائیوں کی مدد کےلئے میدان میں آگئی۔ پشاور شہرسے آٹا، چاول،دالوں، بسکٹس

اور دیگر اشیائے خورونوش پر مشتمل 120ٹن امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کردی گئی۔
یہ امدادی سامان انگور اڈہ کے مقام پر بارڈر حکام کے حوالے کیا جائے گاجہاں سے اسے افغان علاقے پکتیکا پہنچایا جائے گا۔امدادی ٹرک روانہ کرنے کے موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے مظلوم و مجبور افغان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لئے پرعزم ہے۔
الخدمت کا ایک وفد اس وقت کابل میں موجود ہے جو کہ حکومتی ذمہ داران کے ہمراہ اندرون ملک مہاجر کیمپوں کے دورے کے ساتھ ساتھ اہم شہروں کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا جائزہ لے رہا ہے۔میری پاکستانی عوام سے بھی اپیل ہے کہ دُکھ اور دباؤ کی ان گھڑیوں میں اپنے افغان بھائیوں کے دست و بازو بنیں اور الخدمت کا ساتھ دیں۔
اس موقع پرسیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال،قائمقام صدر الخدمت خیبر پختونخوا شاکر صدیقی،نائب صدرفدا محمد خان، صدر الخدمت پشاورارباب عبدالحسیب اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔