
کراچی( نمائندہ رنگ نو )ملک میں ہربل مصنوعات تیارکرنے والے سب سے بڑے ادارے ہمدرد پاکستان اور جینک ہیلتھ سائنسز پرائیوٹ لمیٹڈ کے مابین معاہدہ طے پاگیا،جس کے
مطابق ہمدرد پاکستان کی چند اہم مصنوعات جینک کےمینوفیکچرنگ یونٹ میں تیار کی جائیں گی۔
معاہدے پردستخط کی پروقار تقریب ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں ہمدرد پاکستان کی جانب سے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم سمیت ڈائریکٹر آپریشنز اینڈ بزنس ڈولپمنٹ سید فیض اللہ جواد ، ڈائریکٹر فائنانس وسیم قریشی ، ڈائریکٹر سپلائی چین کامران اور سینئر کارکنان شریک ہوئے۔ جبکہ جینک کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالجبار ، ڈاکٹر نصر اللہ ، ڈاکٹر ملک حمید اللہ ، ڈائریکٹر ذولفقار علی اورپروجیکٹ منیجر محمد مزمل نے شرکت کی۔نظامت کے فرائض ہیڈ اوف مارکیٹنگ شہریار پاشا نے نبھائے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،جس کے بعد شہریار پاشا صاحب نےہمدرد پاکستان کی جانب سے معزز مہمانوںکی تشریف آوری پر اُن کا شکریہ اداکیااور کہا کہ ہمدرد پاکستان جدید طبی مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونےمیں کوشاں ہے۔
ڈاکٹر ارشد سلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہاکہ ہمدرد پاکستان کے بنیادی مقاصد میں حکمت کے پیغام برائے بقائے صحت کو سماج میں فروغ دینا اور شعبہ طب و صحت کی مجموعی ترقی و ترویج کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔بانی ہمدرد شہید حکیم محمد سعید کی فکر و افکار اور اُن کے وضع کردہ مقصدیت کے حصول میں ان تھک محنت اور جدوجہد کی بدولت آج ادارہ ہمدرد ملک میں طب مشرق کی ادویہ سازی میں صنعتی معیار طے کرنے والا ادارہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمدرد پاکستان اپنی آپریشنل استعداد کارکو مزید فعال بنانے کے لیےمعتبر طبی و تکنیکی اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی کے تحت شراکت داری کرتا ہے ، تاکہ اُن کی مہارت اور پیشہ ورانہ کامل دسترس کو بروئے کار لا تے ہوئے ملک کےشعبہ صحت کی ترقی کے سفر کو کامیابی سے جاری و ساری رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج جینک ہیلتھ سائنسز کے ساتھ معاہدہ ہمدرد پاکستا ن کے اُسی مقصدیت اور عزم کی تابندہ مثال ہے لیکن ترقی کا یہ سفر ابھی رُکا نہیں ہے،اسی لیے جہاں ایک جانب ہم بیماریوں اور امراض پر مفصل تحقیق کے بعد نئی مصنوعات و ادویہ مارکیٹ میں پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری جانب جدید تصورات اور ترجیحات کے مطابق اپنی ادویہ کی نئی پیکنگ و تشہیر بھی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونانی اور جدید مغربی دوا سازی کو ایک دوسرے کا مقابل سمجھنا غلط العام تصور ہے ،اسی لیے شہید حکیم محمد سعید نےاتحاد ثلاثہ کا تصور دے کر اس سوچ کی نفی کی۔ حقیقت تو یہ ہے کہ طب یونانی اور ایلوپیتھی ایک ہی پیراہے سے جڑی شاخیں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ شراکت داری مستقبل میں ملک کے شعبہ صحت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اللہ پاک ہماری اور ہمارے شراکت داروں کی کاوشوں میں برکت دے۔
بعدازاں ڈاکٹر ارشد سلیم اور عبدالجبار نے معاہدے کی دستاویز پر دستخط کیے۔ جس کےبعد ڈاکٹر ارشد سلیم نے ہمدرد پاکستان کی جانب سے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ہمدرد پاکستان کی جانب سے معاہدے کی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے منفرد اقدام لیا گیا۔ معزز مہمانوں سے گملے میں پودے لگوائے گئے ، جنہیں اُنہوں نے پانی بھی دیا۔ بعد میں یہ پودے ہمدرد پاکستان کے زیر انتظام باغات میں بوئے جائیں گے اوران پرجینک کمپنی کے نام کی تختی بھی لگائی جائے گی۔ مہمانوں نے ہمدرد پاکستان کے اس اقدام کو بہت سراہا اور اس احسن عمل کی تقلید کا بھی فیصلہ کیا۔














