
کراچی( نمائندہ رنگ نو)ملکی تاریخ میں پہلی بارالخدمت کو جیل میں قیدیوں کو ”چائنیز لینگویج “کورسز کروانے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ الخدمت کی جانب سے سینٹرل جیل میں
قیدیوں کو”چائنیز لینگویج “ کورس کروائے جارہے ہیں۔
سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کے لیے امتحانات کا اہتمام کیا گیا ۔کورسز میں کمپیوٹرانفارمیشن سرٹیفکیٹ ( سی آئی ٹی ) ،چائنیز لینگویج کورس ،انگلش لینگویج کورس اور گرافکس ڈیزائننگ کورسز کے امتحانات منعقد کیے گئے۔
امتحانات میں 137قیدیوں نے شرکت کی۔ امتحانات کے لیے تمام قیدی طلبہ کورجسٹریشن کارڈ اور رول نمبر جاری کیے گئےتھے۔ اس موقع پر الخدمت کے سینئر منیجر منظر عالم ،معاون رضوان ایدھی ،عاطف صابر موجود تھے۔ ایس ایس پی سینٹرل جیل عبدالکریم عباسی جیل افسران کے ساتھ کمرہ امتحان کا دورہ کیا اور امتحان کے جاری عمل کا معائنہ کیا۔
انہوں نے امتحانی عمل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اورالخدمت کی کاوشوں کو سراہا۔ دریں اثنا ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نےکہا کہ الخدمت سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے کا بڑا کام کر رہی ہے تاکہ قیدی دوران قید کمپیوٹر کی تعلیم اور لینگویج کورسز سیکھ کر رہائی کے بعد باعزت زندگی گزار سکیں اور ہنر کو کام میں لاکر باعزت روزگار کما سکیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ان کورسز کے لیے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے الحاق کیا ہوا ہے ۔امتحانات کے طریقہ کار اور نظم وضبط کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔ یہ الخدمت کا بڑا کام ہے۔ پہلی بار ملک کی کسی جیل میںا لخدمت نے چائنیز لینگویج کورس سکھانے کا اہتمام کیا ہے اور اس سے کورس سیکھنے والے قیدیوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا جیل انتظامیہ کے تعاون کے مشکور ہیں ،جن کی کاوشوں سے قیدیوں کی فلاح وبہبود کا یہ منصوبہ جاری ہے۔
راشد قریشی نے کہا کہ قیدیوں کو کروائے جانے والے کورسز 6ماہ دورانیہ کے ہیں۔ امتحانات میں کامیاب قیدیوں کی سزاو ¿ں میں کمی ہوگی اورکامیابی نتائج کے ساتھ سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔




































