الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت” یوم حیا“منایا گیا ،بچیوں میں اسکارف تقسیم

کراچی( نمائندہ رنگ نو )الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت ایئر پورٹ کلیسٹرمیںیوم حیا منایا گیا،اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس

میں باہمت بچیوں اوران کی ماؤں نے شرکت ،اس موقع پر بچیوں میں اسکارف تقسیم کیے گئے اور حیا کے عنوان سے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔

تقریب کی مہمان خصوصی صدر الخدمت ضلع ایئر پورٹ قرة العین تھیں ،جبکہ تقریب میں الخدمت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ قرة العین نے کہا کہ حیا مومن کا زیور ہے۔ بے حیائی معاشرے کو تباہی وبربادی کی جانب لے جاتی ہے،دنیا بھر میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے الگ الگ رسم ورواج ہیں جنہیں وہ مناتے ہیں ، ان کا دین اسلام یا پاکستانی معاشرے سے کوئی تعلق نہیں ،ضروری ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کریں ،اچھائی کو اپنائیں اور برائی سے بچیں اور سنت بنوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کریں ۔ 

قرة العین نے کہا کہ شرم وحیا ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کا مفہوم ہے حیا اور ایمان ایک جگہ رہتے ہیں ایک چلا جائے تو دوسرا خود بخود ختم ہو جاتا ہے ۔

قرة العین نے کہا کہ نئی نسل کی تربیت شعائر اسلام کے مطابق کی جائے،والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اور بچوں کی تربیت اور اصلاح کا کام کریںتاکہ وہ معاشرے کے بہترین فرد بن سکیں ۔